فضل الرحمان کرپٹ آدمی،مولانا کہنا علما کی توہین ہے، وزیراعظم

ساہیوال(سی این پی) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سارے ڈاکو مل کرمجھے بلیک میل کررہے ہیں ، فضل الرحمان کرپٹ آدمی ہیں،ان کو مولانا کہنا علما کی توہین ہے، اپوزیشن کے نامور ڈاکوں کی تنقیدکواعزازسمجھنا چاہیئے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ساہیوال میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سینیٹ انتخابات کیلئے ابھی سے ریٹ لگنا شروع ہوچکے ہیں ، ہمیں معلوم ہے کونسا سیاسی لیڈر پیسے لگا رہا ہے، سینیٹ میں پیسہ چلتا ہے یہ بہت اچھے سے جانتا ہوں ، سینیٹ الیکشن میں پیسے کی آفر مجھے بھی ہوچکی ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جن ارکان کو میں نے پارٹی سے نکالا انہوں نے 5،5 کروڑلیے تھے، ہم نے ووٹ بیچنے والوں کے خلاف پہلے تحقیقات کیں، تحقیقات میں پتہ چلا کہ انہوں نے 5،5 کروڑ روپے پکڑے تھے، یہ کیسے ممکن ہے پیسہ لگا کر سینیٹر بننے والاپیسہ نہیں بنائے گا۔عمران خان نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں اوپن بیلٹنگ کیلئے قانون سازی کررہے ہیں، 2 تہائی اکثریت نہ ہونے کے باوجود ترمیم پارلیمنٹ لے جارہے ہیں، کرپشن روکنے کی ترامیم کے مخالف قوم کے سامنے بے نقاب ہوں گے۔مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان کرپٹ آدمی ہیں،ان کو مولانا کہنا علما کی توہین ہے، وہ مدارس کے بچوں کو استعمال کر کے اربوں پتی بنا، وہ خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں، پی ڈی ایم کا کوئی مستقبل نہیں اس نے فیل ہی ہونا تھا۔وزیراعظم نے کہا سارے ڈاکو مل کرمجھے بلیک میل کررہے ہیں اور ایک بھگوڑا لیڈر لندن میں بیٹھ کر انقلاب لانا چاہتا ہے، یہ سب پارٹی کو اکٹھا رکھنے کیلئے حکومت جانے کی تاریخیں دیتے ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اورحکومت مل کرپارلیمنٹ چلاتے ہیں، انہوں نے پہلے دن سے پارلیمنٹ کو این آراو مانگنے کیلئے استعمال کیا، پارلیمنٹ میں عوامی مفاد کی جوبحث ہونی چاہیے تھی وہ نہیں ہوسکی۔اپوزیشن کی جانب سے تنقید سے متعلق انھوں نے کہا کہ اپوزیشن کے نامورڈاکوئوں کی تنقیدکواعزازسمجھناچاہیے، اپوزیشن اگرمیری تعریف کرے تو میں اپنی توہین سمجھوں گا، سیاسی پشت پناہی کے بغیرسرکاری زمینوں پرقبضہ نہیں ہوسکتا۔مریم نواز کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مریم نوازنے کھوکھرپیلس پر قبضہ مافیا سے اظہاریکجہتی کیا، کھوکھر برادران نے130کروڑ کی سرکاری زمین پر قبضہ کیا تھا ، خود کو مستقبل کا لیڈر کہنے والی مریم نواز مافیا کی حمایت کررہی ہیں، ان کے دورمیں ہر سیاسی رہنما نے سرکاری زمینوں پر قبضے کیے ، وزیراعظم قبضہ گروپس کی پشت پناہی کرے تو باقی کسی کو کون روکے گا، بڑے بڑے ڈاکوئوں اور قبضہ مافیا کو نہیں چھوڑا جائے گا۔فارن فنڈنگ کیس سے متعلق عمران خان نے کہا کہ فارن فنڈنگ میں ہمیں پھنسانے والے اب خودپھنس چکے ہیں، اکائونٹس اسکروٹنی ہوئی توپی ٹی آئی کے اکائونٹس شفاف نکلیں گے، ہم نے الیکشن کمیشن میں40ہزاراکائونٹس کاڈیٹادیاہے، چیلنج ہے یہ جماعتیں ایک ہزاراکائونٹس کی تفصیلات بھی نہیں دے سکتیں، سب کو پتا ہے اسامہ بن لادن نے کس کو پیسے دیے تھے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جس فورم پراپوزیشن کیخلاف فیصلہ آئے وہ اس کونہیں مانتے، نیب ان کی کرپشن پکڑرہاہے یہ نیب کوبھی نہیں مانتے، ماضی میں یہ ججز سے اپنی مرضی کے فیصلے کراتے رہے، ن لیگ نے مرضی کافیصلہ نہ آنے پرسپریم کورٹ پرحملہ کیا۔ملک بھر کے کسانوں کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے ابھی تک کسانوں پرخصوصی توجہ نہیں دے سکے تھے، کامیاب کسان پیکج شروعات ہے، کسانوں کیلئے جامع پیکج دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں