کسانوں کا احتجاج ملک کی بے عزتی کی وجہ بنا، مودی

نئی دہلی(سی این پی)بھارتی وزیراعظم نریندری مودی نے کسانوں کے احتجاج کو ملک کی بے عزتی قرار دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نریندر مودی نے چند ماہ سے جاری کسانوں کے احتجاج پر پہلی بار عوامی سطح پر اپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔مودی نے ریڈیو پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی میں بھارت کے یومِ جمہوریہ پر کسانوں کا احتجاج اور اس سے پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال ملک کی بے عزتی کی وجہ بنی۔بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ 26 جنوری کو پیش آنے والے واقعے کی وجہ سے بھارتی ترنگے کی توہین پر ملک کو افسوس ہوا۔مودی کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت جلد ہی زراعت کے شعبے میں اصلاحات متعارف کرائے گی، حکومت زراعت کے شعبے کی جدت کے لیے پرعزم ہے اور اس حوالے سے اقدامات کررہی ہے۔واضح رہے کہ بھارت میں زرعی اصلاحات کے معاملے پر کسانوں کا احتجاج چند ماہ سے جاری ہے اور ہزاروں کسانوں نے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے مختلف علاقوں میں دھرنے دے رکھے ہیں جب کہ 26 جنوری کے روز کسانوں اور پولیس کے درمیان شدید تصادم بھی ہوا جس میں پولیس نے کسانوں پر لاٹھی چارج کیا اور اس دوران کسانوں نے نئی دلی کے لال قلعہ پر خالصتان کا جھنڈا بھی لہرایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں