بجلی کی قیمتوں میں 1روپے53 پیسے کا اضافہ، اطلاق صرف فروری کے بلوں پرہوگا

اسلام آباد(سی این پی) بجلی کی قیمتوں میں 1روپے53 پیسے کا اضافہ کردیا گیا ، اضافے کا اطلاق صرف فروری کے بلز پرہوگا۔تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا)نے بجلی کی قیمت میں 1روپے53 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی اور اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا۔نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق صرف فروری کے بلز پر ہوگا، بجلی قیمت میں اضافے کی منظوری ماہانہ فیول چارجزایڈجسٹمنٹ پرہے۔نیپرا کا کہنا ہے کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔سی پی پی اے جی نے1 روپے80پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی ، نیپرا نے27 جنوری 2021 کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی۔یاد رہے کہ 21 جنوری کو حکومت نے پیٹرول کے بعد بجلی کی قیمت میں ایک روپے 95 پیسے اضافے کا اعلان کیا تھا۔وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا تھا کہ ن لیگ کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے بجلی کی قیمت میں دو روپے اٹھارہ پیسے اضافہ ہونا تھا لیکن ہم نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 95 پیسے اضافے کا کہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں