حکومت پاکستان نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کردی

اسلام آباد(سی این پی) وفاقی کابینہ نے آئی ایم ایف کی شرط پر 140 ارب روپے انکم ٹیکس چھوٹ ختم کیلئے صدارتی آرڈیننس کی منظوری دے دی تاہم وقت کی کمی کے باعث بل پارلیمنٹ سے منظورنہیں کرایا گیا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط پر انکم ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کیلئے آرڈیننس لانے کا فیصلہ کرلیا ، جس کے بعد کابینہ نے140 ارب روپے انکم ٹیکس چھوٹ ختم کیلئے صدارتی آرڈیننس کی منظوری دی ۔وفاقی کابینہ نے سمری سرکولیشن کے ذریعے آرڈیننس لانیکی منظوری لی، سمری میں کہا گیا ہے کہ وقت کی کمی کے باعث بل پارلیمنٹ سے منظورنہیں کرایا گیا۔خیال رہے وفاقی حکومت نے 24 مارچ سے پہلے انکم ٹیکس چھوٹ ختم کرنے سے متعلق آئی ایم ایف کو آگاہ کرنا ہے۔یاد رہے فروری میں آئی ایم ایف نے پاکستان کا پروگرام بحال کر دیا تھا ، جس کے بعد پاکستان کو500ملین ڈالر کی قسط کے اجرا کی راہ ہموار ہوگئی۔آئی ایم ایف نے پاکستان کو39ماہ پروگرام کے تحت 6ارب ڈالرقرض دیناتھا تاہم کورونا وبا کے باعث آئی ایم ایف سے جائزہ امور تعطل کے شکار ہوئے تھے۔خیال رہے جولائی 2019 میں آئی ایم ایف نے پاکستان کو تین برس کے دوران چھ ارب ڈالر کا قرض دینے کی منظوری دی تھی، اس پروگرام کے تحت اب تک پاکستان کو دو قسطوں میں 1.5 ارب ڈالر کی رقم وصول ہو چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں