سعودی ولی عہد کا گرین سعودیہ اور مشرق وسطی کیلئے نئے اقدامات کا اعلان

ریاض(سی این پی) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے گرین سعودیہ اور مشرق وسطی کیلئے نئے اقدامات کا اعلان کردیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی شہزادے نے ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے دو بڑے اقدامات کا اعلان کیا، گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطی اقدامات کا مقصد ایک واضح روڈ میپ کی وضاحت ہے جو کہ سیارے کو محفوظ رکھے گا، اور ماحولیات پر پڑنے والے منفی اثرات سے حفاظت ہوگی۔محمد بن سلمان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب تیل پیدا کرنے والا بڑا ملک ہے، اس حیثیت سے ماحولیات کے لیے بھی اپنی ذمے داری پوری کرے گا، مملکت دنیا کو سر سبز بنانے میں عالمی رہنما بننے جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم صاف آب و ہوا کے وسائل فراہم کرنے کے حوالے سے بھی اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح واقف ہیں، جس کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے، اس کے باوجود کے ہمیں کئی چیلنجز کا سامنا ہے، ماحولیاتی تبدیلی کے باعث لوگوں کی اوسط عمر میں بھی سال یا ڈیرھ برس کی کمی ہوتی ہے۔سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ ہمارے ان اقدامات سے سمندری حیات کا بھی تحفظ ہوگا۔ کاربن کے اخراج پر قابو پاتے ہوئے ماحول کو بہتر بنانا ہمارا مشن ہے، مہم کے دوران آئندہ چند برسوں میں مملکت کے مختلف علاقوں میں 10 ارب درخت لگا ئے جائیں گے جس سے تقریباََ 40 ہیکٹر اراضی دوبارہ سرسبز ہو سکے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں