سعودی عرب میں ایک ڈرائیور نے سفاکی کی انتہا کر ڈالی

ریاض (سی این پی) سعودی عرب میں ایک انتہائی انسانیت سوز واقعہ پیش آیا ہے جس میں مقامی باشندے نے ایک شخص کو اپنی گاڑی تلے کُچل کر مار ڈالا ہے۔ اس شخص نے دو بار ایک نامعلوم شخص پر گاڑی چڑھائی جس کے نتیجے میں وہ بُری طرح زخمی ہو کر زندگی کی بازی ہار گیا۔ یہ واقعہ الریاض شہر میں پیش آیا ہے۔ جس پر لوگوں میں شدید غصہ پایا جاتا ہے۔تفصیلات کے مطابق الریاض میں ایک سعودی شہری نے کسی شخص کو جان بوجھ کر گاڑی تلے کُچل کر مار دیا ہے۔ پولیس نے اس ظالمانہ حرکت میں ملوث ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے جو مقامی شہری ہے اور عمر چالیس سال سے زائد ہے۔ ریاض ریجن کے پولیس ترجمان میجرخالدالکریدیس نے بتایا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک شخص کو کسی راہگیر کو گاڑی سے کچل کر مارتے دیکھا جاسکتاہے۔یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ ہوئی، جس کے وائرل ہونے کے بعد پولیس نے بھی نوٹس لے لیا اور واقعے میں ملوث شخص کا پتا چلانے کے بعد اسے گرفتار کر لیا ہے۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ گرفتار شدہ ڈرائیور واقعے کے وقت نشے کی حالت میں تھا۔یہ بھی پتا چلا ہے کہ ملزم نے یہ واردات اتفاقیہ نہیں کی، بلکہ وہ اس راہگیر کی تاک میں تھا۔جونہی اس نے اسے سڑک پر چلتے دیکھا تو موقع پا کر اس کے پیچھے گاڑی دوڑا دی اور اسے ایک نہیں بلکہ دو بار گاڑی تلے کُچل کر مار ڈالا۔ گرفتاری کے وقت ملزم کی گاڑی سے شراب بھی برآمد ہوئی ہے۔ملزم سے تفتیش جاری ہے، ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد اس کا کیس پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا جائے گا۔”واضح رہے کہ گزشتہ روزسعودی عرب میں ایک ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں ایک گاڑی پُل سے نیچے آ گری تھی۔اس حادثے میں دو افراد زخمی ہیں جبکہ دو گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا تھی۔ میڈیارپورٹس کے مطابق یہ واقعہ جدہ کی الستین سٹریٹ کے چوک پر پیش آیا ہے جب ایک گاڑی التحلیہ پُل سے گزرتے ہوئے اچانک نیچے جا گری۔ اس حادثے کی وجہ ڈرائیور کا گاڑی پر کنٹرول کھو بیٹھنا تھا۔ گاڑی کئی میٹر بلندی سے نیچے گری تو ایک اور گاڑی بھی اس کی زد میں آگئی۔اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایک گاڑی کا ڈرائیور بُری طرح سے اندر پھنسا ہوا تھا۔ جسے شہری دفاع کے اہلکاروں نے کوشش کے بعد باہر نکال لیا۔ دو زخمیوں میں سے ایک کو معمولی چوٹیں آئی تھیں جسے مرہم پٹی کر کے بھیج دیا گیا جبکہ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی کے ڈرائیور کو ہلال احمر کی ایمبولینس کے ذریعے کنگ فہد ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا جب ٹریفک خاصی زیادہ تھی۔ گاڑی کے پُل سے نیچے انڈر پاس میں گرنے سے بہت دیر تک ٹریفک کا نظام معطل رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں