شوگر مافیا قانون کے تابع نہیں آنا چاہتا، سب کیلئے ایک ہی قانون ہونا چاہیے، عمران خان

نوشہرہ(سی این پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قانون کی بالادستی کا مطلب ہے طاقتور کو قانون کے نیچے لانا، طاقتور قانون کے نیچے نہیں آنا چاہتا، شوگر مافیا بھی قانون کے تابع نہیں آنا چاہتا، شوگر مافیا مہنگی چینی بیچتا ہے، ٹیکس بھی ادا نہیں کرتا، وہ پی ڈی ایم جیسے الائنسز بناتا ہے، اور اتحاد بنا کر حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ان کا مقصد صرف ایک ہے کہ ہمیں قانون کے نیچے نہ رکھیں۔کمزور اور طاقت ور کیلئے ایک ہی قانون ہونا چاہیے۔ ملک میں قانون کی بالادستی کی جدوجہد کررہے ہیں، نوشہرہ میں جلوزئی ہائوسنگ سکیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے سے کم آمدنی والے افراد کو اپنا گھر میسر آئے گا، ہماری حکومتوں نے آج تک ان لوگوں کے بارے میں سوچا ہی نہیں کہ چھوٹی دکان والے کی بھی خواہش ہوگی کہ اس کا اپنا گھر ہو، جس کے بیوی بچوں کے سرپر چھت نہ ہو تو یہ انسان کا سب سے بڑا خوف ہوتا ہے۔ جو معاشرہ غریب طبقے کا خیال نہیں رکھتا وہ ترقی نہیں کرتا، کسی بھی معاشرے کی پہچان امیر لوگوں کے رہن سہن سے نہیں ہوتی، کمزور طبقے کی ضروریات پوری کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، پورے ملک میں نیا پاکستان ہاسنگ منصوبہ شروع کیا، ہم نے پوری کوشش کی سرکاری زمین پر سستے گھر بنیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس پیسے نہیں کہ ہر آدمی کو گھر بناکر دے، دنیا میں کوئی حکومت یہ نہیں کرسکتی، اس کا ایک ہی طریقہ ہے کہ بینکوں کو قرض دینے کا کہیں، کوشش ہے کہ سستے گھر حکومت کی زمین پر بنیں، وفاقی حکومت ہر گھر پر 3 لاکھ روپے دے رہی ہے۔، بینکوں سے معاہدہ کیا ہے کہ شرح منافع 3 فیصد ہو، جو معاشرہ غریب طبقے کا خیال نہیں رکھتا وہ ترقی نہیں کرتا، معاشرے کی پہچان امیر لوگوں سے نہیں ہوتی، معاشرے کی پہچان کمزور طبقے کی زندگی سے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت ہیلتھ سیکٹر میں انقلاب لے آئی، امیر ترین ملک بھی سارے شہریوں کو ہیلتھ کوریج نہیں دے سکتے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملک میں قانون کی بالادستی کی جدوجہد کررہے ہیں، قانون کی بالادستی کا مطلب ہوتا ہے طاقتور کو قانون کے نیچے لانا، بنانا ری پبلک میں طاقتورکے لیے الگ قانون ہوتا ہے، یہاں طاقتور قانون کے نیچے نہیں آنا چاہتا اس لیے پی ڈی ایم جیسے الائنس بناتا ہے۔ طاقتور کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ ہمیں عام لوگوں کے قانون کی طرح نہ رکھو، ہم خاص لوگ ہیں، یہ چوری کریں، ڈاکا ڈالیں اور منی لانڈرنگ کریں انہیں قانون کے نیچے نہیں لایا جائے، اسی طرح شوگر مافیا مہنگی چینی بیچ کر پیسے بناتی ہے اور یہ مافیا ٹیکس نہیں دیتی، کچھ کریں تو شوگر مافیا بھی کہتی ہیکہ ہم خاص لوگ ہیں، ساری جگہ ایسے مافیا بیٹھے ہیں۔قوم وسائل کی کمی سے غریب نہیں بلکہ قانون کی
بالادستی نہ ہونے سے ہوتی ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سستے گھروں کے لیے قرض کی فراہمی سست روی کا شکار ہے، بینکوں کے سربراہوں سے کہا ہے اپنے عملے کی تربیت کریں، کمزور طبقے کی ضروریات پوری کرناریاست کی ذمہ داری ہے،مدینے کی ریاست میں پیسہ نہیں تھا لیکن وہاں انسانیت تھی، آبادی بڑھنے کے باعث شہر پھیلتے جا رہے ہیں، ہمیں کثیرالمنزلہ عمارتوں کی جانب جانا ہوگا، شہر پھیلتے جائیں گے تو فوڈ سیکیورٹی کا مسئلہ درپیش ہوگا۔ قبل ازیں وزیراعظم نے نوشہرہ جلوزئی میں نیا پاکستان فلیٹس کا سنگ بنیاد رکھا۔ عمران خان نے پودا بھی لگایا۔ گورنر، وزیراعلی خیبرپختونخوا بھی تقریب شریک ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں