سعودی عرب،نو عمر افراد کے لئے فائزر بائیونٹیک ویکسین کی منظوری

ریاض(سی این پی) سعودی عرب میں کورونا وائرس کے سد باب کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے، عوام کو وباء سے محفوظ رکھنے کیلئے ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے۔سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت میں ویکسینیشن کے نئے مرحلے کا آغاز کیا جارہا ہے جس میں 12 سے 18 برس کی عمر کو شامل کیا جائے گا۔میڈیا نے وزارت صحت کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی جانب سے12 سے 18 برس کی عمر تک کے لیے فائزر بائیونٹیک ویکسین کو منظور کرلیا گیا ہے۔ویکسین کی منظوری سے قبل اس عمر کے لیے ویکسین کے تجربات کیے گئے جو مکمل طور پرکامیاب رہے، تجربات میں یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ عمر کے لیے بھی ویکسین مفید ثابت ہوتی ہے۔واضح رہے کہ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت کی 70 فیصد بالغ آبادی کو ویکسین کی پہلی خوراک دیئے جانے کے بعد اب 50 برس اور اس سے زائد عمر کے لوگوں کے لیے ویکسین کی دوسری خوراک دینے کا آغاز کردیا گیا ہے۔ویکسین کی دوسری خوراک کے حوالے سے وزارت صحت کا مزید کہنا تھا کہ دوسری خوراک کے لیے عمر کا تعین مرحلہ وار کیا جائے گا جو ویکسین کی آمد کو دیکھتے ہوئے مقرر کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں