کورونا جیسے متعدی امراض آتے رہیں گے، ڈاکٹرفیصل سلطان نے خبردار کردیا

اسلام آباد (سی این پی)معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ کوروناجیسےمتعدی امراض آتے رہیں گے ، سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کا قیام وبائی امراض کی روک تھام کیلئے حکومت کا اہم قدم ہے۔تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے سینٹرفار ڈیزیز کنٹرول کا افتتاح کردیا، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ متعدی امراض سے متعلق آج کسی کو کوئی شک نہیں ہے، کورونا جیسے متعدی امراض آتے رہیں گے۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ متعدی امراض سےمتعلق ایک سینٹرکی ضرورت ہے، ایک ایسا مرکز جہاں متعدی امراض سے متعلق ڈیٹا موجود ہو، مستقل بنیادوں کی بنیاد ایک حل کی ضرورت تھی اور کورونا سے متعلق این سی اوسی کا قیام ناگزیر تھا۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ متعدی سمیت مرکزمیں وبا بن جانے والے امراض پر بھی نظر رکھی جائے گی، سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اس حوالے سے جامع کام کرے گا اور امراض سے متعلق نگرانی کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ وبائی امراض کی روک تھام پر یہ حکومت کا اہم قدم ہے، کورونا اور متعدی امراض کے پھیلاؤ کے تناظر میں اقدام بر وقت ہے، بیماریوں کی روک تھام کے حوالے سے ادارہ معاونت فراہم کرے گا جبکہ صحت کے شعبے میں اصلاحات کی جا رہی ہیں۔دوسری جانب ڈاکٹر عامر اکرام نے کہا کہ سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول پاکستان قومی ادارہ صحت میں قائم کیا گیا ہے، مرکز قومی ادارہ صحت میں اصلاحاتی ایجنڈے اور بہتری کی کوششوں کا حصہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں