وزیر اعظم عمران خان کا ترک صدر طیب اردوان کو ٹیلی فون

اسلام آباد(سی این پی)وزیر اعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ترک صدر طیب اردوان کو ٹیلی فون کیا۔ دونوں رہنمائوں کی گفتگو میں خطے کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیر اعظم عمران خان نے ترک صدر کو پاکستان کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے معاملے پر ترکی کے تحفظات کو اچھی طرح سمجھتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 70 ہزار جانوں کی قربانی دی، پاکستان نے 30 لاکھ مہاجرین کو پناہ دی۔ خطے میں امن و سلامتی کے لیے ترک کوششوں کی کامیابی کے لیے دعاگو ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام آپ کے دورے اور شاندار استقبال کے منتظر ہیں۔ترک صدر 23 اکتوبر کو پاکستان کے دورے پر بھی پہنچ رہے ہیں۔ ترک صدر کا دورہ پاکستان 2 روزہ ہوگا، اس دوران وہ پاکستان کی اعلی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ذرائع کے مطابق رجب طیب اردوان اسٹریٹیجک مذاکرات میں شرکت کریں گے، پاک ترک اسٹریٹیجک مذاکرات 23 اور 24 اکتوبر کو ہوں گے۔ 23 اکتوبر کو مذاکرات میں وزرائے خارجہ بھی نمائندگی کریں گے۔ترک صدر مسئلہ کشمیر کے سلسلے میں پاکستان کے موقف کی بھرپور حمایت کر چکے ہیں۔ علاوہ ازیں، اقوام دنیا میں اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کے لیے بھی پاکستان نے ترکی اور ملائیشیا کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ انگریزی چینل شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں