پی ٹی آئی حکومت ڈیجیٹل دھاندلی کرنے کے منصوبے بنا رہی ہے، سراج الحق

ملتان(سی این پی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے تبدیلی کا نعرہ لگایا تھا حالانکہ یہ حکومت بنی گالا کے ایک تالے کو بھی ٹھیک نہیں کر سکتی، اس حکومت میں 34 لاکھ سے زیادہ برسر روزگار لوگ بے روز گار ہوئے ہیں، اب حکومت ڈیجیٹل دھاندلی کرنے کے منصوبے بنا رہی ہے۔ملتان میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے حکمرانوں نے نظریہ پاکستان سے غداری کی جبکہ موجودہ حکمرانوں نے جن کو ڈاکو ڈکلئیر کیا تھا انہی سے اتحاد کیا، مافیا کا سیاست پر قبضہ ہے، اسلام آباد میں مایوسی ہے، جو حکومت کا دفاع کرتے تھے وہ آج ان کے دفاع کے لئے تیار نہیں۔انہوں نے کہا کہ ظالم جاگیر دار اور کرپٹ سرمایہ دار حکومت کر رہے ہیں، جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے گئے، وعدے کے مطابق جنوبی پنجاب کو مکمل صوبہ ڈکلئیر کیا جائے، چھوٹے چھوٹے دفاتر بنا کر جنوبی پنجاب کے عوام کو نہ ٹرخایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چینی مافیا سیاست اور معیشت پر قابض ہے، حکومت کی ٹوکری میں سارے مفاد پرست موجود ہیں۔ جنوبی پنجاب سمیت پورے ملک میں بدامنی ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں جائز حکومت تشکیل ہو چکی ہے، پاکستان افغانستان کی حکومت کو تسلیم کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں