چیئرمین تحریک انصاف پر حملے کے بعد ملک بھر میں مظاہرے جاری، اہم شاہراہیں بلاک، مشتعل مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں

کراچی/لاہور/پشاور/اسلام آباد (سی این پی) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پر قاتلانہ حملے کےخلاف ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔حملے کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکن بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے،ٹائرجلاکر مظاہرین نے شاہراہوں کو بلاک کردیا اور حکومت مخالف نعرے بازی کی۔جڑواں شہروں، لاہور، کراچی، حیدر آباد،پشاور سمیت ملک کے متعدد شہروں میں پی ٹی آئی لانگ مارچ پر حملے کے خلاف احتجاج جاری ہے۔عمران خان کے زخمی ہونے کی خبر پھیلتے ہی پی ٹی آئی خواتین ورکرز پریس کلب کے باہر پہنچ گئیں،مظاہرین نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر احتجاج کیا۔وفاقی دارالحکومت میں فیض آباد اور ترنول کے مقام پر مشتعل کارکنوں نے جی ٹی روڈ اور ایکسپریس وے کو بلاک کردیا جسکے بعد وفاقی پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ اور مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا، کراچی میں شاہراہ فیصل سمیت شیریں جناح کالونی اور سنگر چورنگی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی کارکنوں کی طرف سے احتجاج کیا گیا، احتجاج کے باعث شہرکے مختلف علاقوں میں سخت ٹریفک جام ہے ۔احتجاج کے باعث اسلام آباد جانے والی گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں،پی ٹی آئی کارکن مری روڈ پر بھی نکل آئے اور ٹائر جلا کر روڈ بند کردیا۔لاہورمیں پی ٹی آئی کارکنوں کا شہر کے معتدد مقامات پر احتجاج جاری ہے،کارکنوں نے گورنر ہائوس چوک، دبئی چوک رائے ونڈ اور بھیکےوال چوک کو بھی ٹریفک کے لئے بند کردیا۔لبرٹی چوک، شاہدرہ چوک, جی پی او چوک, شادمان چوک، بابو صابو چوک، شمع چوک اور شوکت خانم چوک میں بھی احتجاج کیا جا رہا ہے۔حیدرآباد میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے لطیف آباد یونٹ نمبر ٹو میں انصاف ہاؤس کے سامنے احتجاج کیا اور نعرے بازی کی،مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایک سازش کے تحت پرامن لانگ مارچ پر فائرنگ کروائی گئی۔ کلر سیداں میں بھی احتجاج کرتے ہوئے راولپنڈی سے آزاد کشمیر جانے والی ہائی وے بلاک کر دی۔ملتان میں بھی پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور ٹائر جلا کر خوب نعرے بازی کی،اسی طرح واہ کینٹ شریف ہسپتال کے قریب بھی پی ٹی آئی کارکنان نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔اسکے علاوہ خیبر پختون خوا میں مختلف مقامات پر احتجاج جاری ہے، پشاور میں مشتعل مظاہرین نے کور کمانڈر ہاؤس کے باہر شدید احتجاج کرتے ہوئے نعرہ بازی اور توڑ پھوڑ کی؛

اپنا تبصرہ بھیجیں