غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے کاروبارمتاثر،معاشی صورتحال خراب ہو رہی ہے،راجہ سکندر

سرد موسم میں بجلی بندش کا یہ حال ہے تو گرمیوں میں صورتحال کو کیسے کنٹرول کیا جائے گا

راولپنڈی(سی این پی)سردی کی شدت بڑھتے ہی شہریوں کو سوئی گیس اور بجلی کے مسائل کا سامنا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں سوئی گیس اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے شہری خوار ہوکر رہ گئے۔ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی ٹریڈرز ونگ کے صدر راجہ سکندر محمود نے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی گیس اور بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے،مختلف علاقوں میں دن بھر گیس غائب رہنے لگی جبکہ بعض علاقوں میں سوئی گیس کے کم پریشر سے عوام پریشان ہیں۔ صبح کے اوقات میں گیس بندش کے باعث دفاتر جانے والے ناشتہ کیے بغیر ملازمت پر جانے پر مجبور ہو چکے ہیں،اس مہنگائی میں بازار کا ناشتہ ماہانہ بجٹ کو متاثر کر کے رکھ دیتا ہے، جبکہ دوپہر اور رات کے کھانے کے اوقات میں بھی گیس کی کمی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔دوسری جانب بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں 4 سے 6 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، سرد موسم میں اگر بجلی بندش کا یہ حال ہے تو گرمیوں میں صورتحال کو کیسے کنٹرول کیا جائے گا۔لوڈشیڈنگ سے عوام اور تاجرطبقہ عذاب میں مبتلا ہے۔کاروبار ی معمولات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے معاشی صورتحال مزید خرابی کی طرف جا رہی ہے۔انہوں نے مذکورہ صورتحال پر احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان سے اصلاح احوال کا پر زور مطالبہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں