بولان،دھماکے سے اڑائی جانیوالی سوئی گیس لائن کی مرمت شروع نہ ہوسکی

بولان(سی این پی)سراج آباد میں دھماکے سے متاثرہ پائپ لائن کی مرمت کاکام تاحال شروع نہ ہوسکا جس کے باعث سخت سردی میں کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں گیس پریشر نہ ہونے کے برابر رہ گیا۔ایس پی بولان محمود احمد نوتیزئی نے جیو نیوز کو بتایا کہ بولان کے علاقے سراج آباد میں گیس پائپ لائن دھماکےکا مقدمہ سوئی گیس حکام کی مدعیت میں سی ٹی ڈی تھانہ ڈھاڈر میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔مقدمے میں دھماکا خیز مواد اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔حکام کے مطابق گیس پائپ لائن دھماکے میں ایک کلو بارودی مواد اور ریموٹ کنڑول ڈیوائس استعمال کیاگیا جس سے پائپ لائن کا 100 فٹ حصہ متاثر ہوا۔دوسری جانب لیویز حکام کا کہنا ہےکہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی ٹیم دھماکے سے متاثرہ پائپ لائن کی مرمت کے لیے سراج آباد پہنچ گئی ہے تاہم رات گئے تک متاثرہ پائپ لائن کی مرمت کاکام شروع نہیں ہوا ہے۔12 انچ قطر کی سوئی گیس پائپ لائن کی مرمت نہ ہونے سے کوئٹہ ،مچھ، پشین، زیارت، قلات اور مستونگ میں گیس پریشر نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں