نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا شاہدرہ ہسپتال کا دورہ، ادویات کی عدم فراہمی پر اظہار برہمی

لاہور(سی این پی) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال شاہدرہ کا دورہ کیا اور ہسپتال میں مریضوں کو ادویات و سہولیات کی عدم فراہمی پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔محسن نقوی نے ہسپتال کی مختلف وارڈز کا دورہ کیا جہاں مریضوں اور تیمارداروں نے سہولیات کی عدم فراہمی پر شکایات کے انبار لگا دیے، مریضوں نے نگران وزیراعلیٰ کو باہر سے خریدی گئی ادویات کی رسیدیں دکھائیں، ہسپتال کی صورتحال دیکھ کر وزیراعلیٰ پنجاب نے سخت ناراضی کا اظہار کیا۔

نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شاہدرہ ہسپتال کی صورتحال دیکھ کر بہت افسوس ہوا، مریضوں کے ساتھ ایسے سلوک کا سوچا بھی نہیں جا سکتا۔محسن نقوی نے صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کو شاہدرہ ہسپتال پہنچنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی بھی شاہدرہ ہسپتال آکر صورتحال کو دیکھیں۔اس موقع پر کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا اور ڈی سی لاہور رافعہ حیدر بھی نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے ہمراہ موجود تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں