پیرس ماسٹرز اوپن،جوکووچ اور سٹیفانوس پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

پیرس(سی این پی ) سربیا کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار، عالمی نمبر ایک اور ایونٹ کےٹاپ سیڈڈ نوویک جوکووچ اور یونان کے نامور ٹینس سٹار سٹیفانوس سیٹسیپاس اے ٹی پی پیرس ماسٹرز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں پہنچ گئے۔اے ٹی پی کے زیر اہتمام ماسٹرز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری ہے۔مردوں کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں 36 سالہ سربین ٹینس کھلاڑی نوویک جوکووچ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ارجنٹائن کے ٹامس مارٹن ایچیوری کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 2-6سے شکست دے کر نہ صرف ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا بلکہ تیسرے راؤنڈ کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا جہاں ان کا مقابلہ نیدرلینڈز کے ٹیلون گریکسپور سے ہوگا۔ایک اور میچ میں یونانی ٹینس کھلاڑی سٹیفانوس نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف کینیڈین کھلاڑی فیلکس اوجر الیاسائم کو ٹائی بریک پر سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 6-7(4-7) سے ہرا کر ٹاپ 16 راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔سٹیفانوس کا ٹاپ 16 راؤنڈ میں مقابلہ جرمن حریف کھلاڑی الیگزینڈر زویروف سے ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں