ناکامیوں کا سلسلہ تھم نہ سکا، پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی شکست

ہملٹن (سی این پی ) نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی 20 میں بھی پاکستان کو شکست دے دی۔پاکستانی ٹیم ہدف کے تعاقب میں اننگز کا مستحکم آغاز نہ کر سکی، قومی ٹیم کے اوپنرز ایک بار پھر ناکام ہوئے اور صرف 10 رنز پر ہی دو وکٹیں گر گئیں، اوپنر صائم ایوب صرف 1 سکور ہی بنا پائے اور چھکا لگانے کی کوشش میں ٹم ساؤتھی کی گیند پر باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے، محمد رضوان بھی جم کر نہ کھیل سکے اور 5 گیندوں پر 7 رنز بنا کر چلتے بنے۔

تاہم بعد میں آنے والے بلے فخر زمان نے جارحانہ انداز اپنایا اور ٹیم کا مجموعی سکور 97 تک پہنچا کر 50 رنز پر ہمت ہار بیٹھے۔نئے آنے والے بلے باز افتخار احمد بھی کریز پر زیادہ دیر ٹھہر نہ سکے اور محض 4 رنز پر بین سیئرز کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، پاکستان کی پانچویں وکٹ 108 رنز پر گری، اعظم خان نے بھی غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور صرف 2 رنز پر ہی پویلین چلتے بنے۔

قبل ازیں ہملٹن میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹی 20 میچ میں کیویز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔کھیل کے آغاز پر کیوی اوپنرز نے پاکستانی باؤلرز کیخلاف جارحانہ انداز اپنایا تاہم 59 کے مجموعی سکور پر نیوزی لینڈ کے اوپنر ڈیون کانوے 20 رنز بنا کر عامر جمال کا شکار بنے۔

فن ایلن نے 5 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 41 گیندوں پر 74 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان کین ولیمسن 26 رنز بنا ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔کیوی بلے باز ڈیرل مچل 17 رنز پر پویلین لوٹے جبکہ مارک چیپمین کو 4 رنز پر عباس آفریدی نے پویلین کی راہ دکھائی، کیویز کا پانچواں نقصان گلین فلپس کی صورت میں ہوا، فلپس 9 گیندوں پر 13 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ نئے آنے والے بلے باز ایڈم مائلن کو بھی بغیر کھاتہ کھولے حارث رؤف نے چلتا کیا۔

نیوزی لینڈ کی ساتویں وکٹ 183 رنز کے مجموعے پر گری، کیوی بلے باز ایش سودھی بھی بغیر کوئی رن بنائے حارث رؤف کا شکار بنے جبکہ مچل سینٹنر25 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3، عباس آفریدی نے 2 جبکہ عامر جمال اور اسامہ میر نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی، کپتان شاہین آفریدی کوئی وکٹ نہ لے سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں