نیشنل ویمنز ٹی ٹوئنٹی: لاہور، کوئٹہ اور ملتان کی کامیابی

لاہور(سی این پی )نیشنل ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں پیر کے روز کھیلے گئے میچوں میں لاہور، کوئٹہ اور ملتان نے کامیابی حاصل کی۔شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں لاہور نے کراچی کو 9 رنز سے شکست دیدی۔لاہور نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے۔
بسمہ معروف نے چھ چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہیں۔ سدرہ امین نے سات چوکوں کی مدد سے 41 رنز اسکور کیے۔کراچی کی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔ عمیمہ سہیل نے چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 46 رنز اسکور کیے۔بسمہ معروف کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

ایوب پارک گراؤنڈ راولپنڈی میں کوئٹہ نے پشاور کو 65 رنز سے ہرادیا۔کوئٹہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر165 رنز بنائے۔دعا ماجد نے 56 رنز اسکور کیے جس میں 8 چوکے شامل تھے۔ طوبٰی حسن نے سات چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنائے۔ فریحہ محمود نے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔پشاور کی ٹیم 7 وکٹوں پر 100 رنز بنا پائی۔ مومنہ ریاست 33 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہیں۔ صائمہ ملک نے 9 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔طوبٰی حسن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔طوبٰی حسن پلیئرآف دی میچ قرار پائیں۔

ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں ملتان نے راولپنڈی کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔راولپنڈی کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 110 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عائمہ سلیم 27 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہیں۔نورالایمان نے 15 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ملتان نے گل فیروزہ کے سات چوکوں کی مدد سے بنائے گئے 61 رنز ناٹ آؤٹ کی بدولت مطلوبہ اسکور تین وکٹوں پر پورا کرلیا۔
نورالایمان اور گل فیروزہ پلیئرز آف دی میچ قرار پائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں