قومی ترانے کی دھن کے خالق احمد غلام علی چھاگلہ کی برسی آج منائی جارہی

اسلام آباد(سی این پی )آج پاکستان کے ممتاز موسیقار اور پاکستان کے قومی ترانے کی دھن کے خالق احمد غلام علی چھاگلہ کی برسی ہے ۔احمدغلام علی چھاگلہ 31 مئی 1902 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے سندھ مدرسہ کراچی سے تعلیم حاصل کی ۔ وہ کراچی کے نامور موسیقار مہاراج سوامی داس کے شاگرد تھے اور موسیقی کے اسرار و رموز انہی سے سیکھتے رہے۔

چھاگلہ نے انگلستان میں ٹرنٹی کالج آف میوزک سے بھی علم موسیقی کی تعلیم حاصل کی۔ قیام پاکستان سے پہلے انہوں نے بمبئی میں ایک فلم کمپنی اجنتا میں بطور موسیقار کام کیا۔قیام پاکستان کے بعد حکومت پاکستان نے انہیں قومی ترانے کی موسیقی تیار کرنے والی کمیٹی کا رکن مقرر کیا۔ مگر ان کی خوش قسمتی کہ یہ دھن تیار کرنے کا اعزاز انہی کی ملا۔

21 اگست 1949 کو حکومت نے انہی کی تیاری کردہ دھن کو پاکستان کے قومی ترانے کے طور پر منظور کرلیا گیا۔ یہی وہ دھن تھی جسے بعد میں ابوالاثر حفیظ جالندھری نے الفاظ سے ہم آہنگ کیا۔

5فروری 1953 کو جناب احمد علی غلام علی چھاگلہ کا انتقال ہوگیا۔ ان کے انتقال کے 43 برس کے بعد 1996 میں حکومت پاکستان نے انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی دینے کا اعلان کیا۔ کراچی میں مدفون ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں