4 یورپی ممالک بھارت میں 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے

نئی دہلی (سی این پی )بھارت اور 4 یورپی ممالک کے درمیان تجارتی معاہدے پر دستخط کرلیے گئے ہیں، معاہدے کے تحت 4 یورپی ممالک بھارت میں 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت، سوئٹزر لینڈ، ناروے، لکٹنسٹائن اور آئس لینڈ کے درمیان 16 سال مذاکرات کے بعد معاہدہ طے پایا ہے۔

معاہدے کے تحت چار یورپی ممالک کا گروپ اگلے 15 سال کے دوران بھارت میں 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، بدلے میں بھارت ان ممالک سے درآمد کی جانے والی صنعتی پیداوار پر عائد ٹیرف ختم کرے گا۔بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کے معاہدے کیلئے برطانیہ سے مذاکرات آخری مرحلے میں ہیں جبکہ آسٹریلیا اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ بھی بھارت تجارتی معاہدے کر چکا ہے۔

سوئس حکام کا کہنا ہے کہ بھارت سوئٹزرلینڈ سے 95 فیصد سے زیادہ صنعتی درآمدات پر ٹیرف مکمل ختم کرے گا یا جزوی طور پر ہٹائے گا۔وزیر تجارت ناروے نے کہا کہ ناروے کی کمپنیوں کی مصنوعات پر بھارت میں کوئی امپورٹ ٹیکس نہیں ہوگا۔معاہدے کے تحت پانچوں ممالک کو اپنی اپنی حکومتوں سے معاہدے کی توثیق کروانا ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں