شہزادی کیٹ میڈلٹن کینسر میں مبتلا

لندن (سی این پی )برطانوی بادشاہ چارلس سوم کے بعد شہزادی کیٹ میڈلٹن بھی کینسر میں مبتلا ہوگئیں۔ گزشتہ کئی ہفتوں سے سوشل میڈیا پر کیٹ میڈلٹن کی صحت کے حوالے سے قیاس آرائیاں اور سازشی خیالات پوسٹ کیے جا رہے تھے۔تاہم پرنسز آف ویلز نے جمعہ کو ایک ویڈیو پیغام میں اعلان کیا ہے کہ ان میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور مرض کا ابتدائی علاج شروع کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوری میں لندن میں میرے معدے کی سرجری ہوئی جوکہ کامیاب رہی، اس وقت کینسر کی تشخیص نہیں ہوئی تھی۔تاہم  آپریشن کے بعد ہونے والے مختلف ٹیسٹ میں پتہ چلا کہ میں کینسر میں مبتلا ہوں۔شہزادی کیٹ میڈلٹن نے بتایا کہ کینسر کی تشخیص کے بعد میری میڈیکل ٹیم نے مشورہ دیا کہ مجھے کیموتھراپی کا کورس کرنا چاہیے اور میں اب اس علاج کے ابتدائی مراحل میں ہوں۔

شہزادی کیٹ میڈلٹن نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ کینسر کا پتہ چلنا بڑا صدمہ تھا، پہلے دو ماہ بہت مشکل سے گزرے تاہم میں اب ٹھیک ہوں اور ہر دن مضبوط ہو رہی ہوں۔واضح رہے کہ شہزادی کیٹ میڈلٹن کی کینسر کی نوعیت نہیں بتائی گئی۔

اس سے قبل فروری میں برطانوی بادشاہ چارلس سوم کے کینسر میں مبتلا ہونے کی خبر سامنے آئی تھی۔شاہی محل کے مطابق کینسر کی تشخیص شاہ چارلس کے پروسٹیٹ کے علاج کے دوران ہوئی۔ یہ نہیں بتایا گیا کہ بادشاہ میں کس قسم کے کینسر کی تشخیص ہوئی تاہم ان کا بھی علاج جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں