جیتنے کے بعد حکومت توجہ نہ دے تو مایوسی ہوتی ہے ،محمد آصف

کراچی (سی این پی) قومی کھلاڑی محمد آصف آئی بی ایس ایف ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے جہاں پر پاکستان بلیئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور دیگر نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ ترکی کے شہر اناطولیہ میں ہونے والی آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیتنے والے محمد آصف جیسے ہی کراچی ائیرپورٹ سے باہر آئے تو وہاں پر پاکستان زندہ باد اور محمد آصف زندہ باد کے نعروں سے لگائے گئے۔ قومی کھلاڑی محمد آصف ائیر پورٹ پہنچے تو پاکستان بلیئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے عہدیداران، سندھ سنوکر ایسوسی ایشن کے نمائندوں اور کراچی کے مقامی سنوکر پلیئرز نے محمد آصف کو پھولوں کا ہار پہنا کر ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دو مرتبہ ورلڈ چیمپئن شپ اور دو مرتبہ ورلڈ ٹیم ایونٹ کا ٹائٹل جیتنے والے محمد آصف نے کہا ملک کیلئے ٹائٹل جیتنے کے بعد بھی اگر حکومت توجہ نہ دے تو مایوسی ہوتی ہے لیکن اس کے باوجود جو کچھ انہوں نے حاصل کیا ہے اس پر انہیں فخر ہے اور ان کے حوصلے بلند ہیں، وہ مستقبل میں بھی پاکستان کیلئے کامیابیاں حاصل کریں گے۔ محمد آصف کا کہنا تھا کہ کمر میں تکلیف کی وجہ سے انہیں کچھ دشواریاں ہوئیں لیکن خوشی ہے کہ انہوں نے تکلیف کو اپنی جیت کی راہ میں آڑے نہیں آنے دیا، راؤنڈ آف 32 میں اسرائیل کے کھلاڑی کو شکست دے کر بہت خوشی ہوئی تھی۔ ایک سوال پر محمد آصف کا کہنا تھا کہ فائنل سے زیادہ مشکل حریف کوارٹر فائنل میں تھائی لینڈ کا تھناوات تھا جس کو ہرانے کے بعد اعتماد کافی بلند ہوا اور یہی وجہ تھی کہ کوارٹر فائنل کے فوری بعد ہونے والے سیمی فائنل میں اپنے حریف کو بغیر کوئی فریم ڈراپ کئے 0ـ7 سے آوٹ کلاس کر دیا جس کے بعد ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ جیت لی۔ واضح رہے کہ یہ محمد آصف کا دوسرا آئی بی ایس ایف ورلڈ ٹائٹل ہے، اس کے علاوہ وہ دو مرتبہ ورلڈ ٹیم چیمپئن شپ بھی جیت چکے ہیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں