مقبوضہ کشمیر میں مودی کی بربریت بے نقاب کرنیوالی عالمی تنظیم کے بھارت میں دفاتر پر چھاپے،کام کر نا دشوار

نئی دہلی (سی این پی )مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں دنیا کو دکھانے سے روکنے کے لیے مودی سرکار نے ایک اور بھونڈی کوشش کرتے ہوئے بین الاقوامی تنظیم کے دفاتر پر چھاپے مارنا شروع کر دیئے۔دنیا کو بھارت کا مکروہ چہرہ دکھانے والی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے نئی دہلی اور بنگلور میں واقع دفاتر پر چھاپے مارے گئے اورعملےکوہراساں کیا گیا۔بھارتی سی بی آئی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق چھاپے وزارت داخلہ کی جانب سے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کی شکایت کے بعد مارے گئے تاہم بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کارروائی میں کوئی شواہد بھی ہاتھ لگے یا نہیں۔برطانوی غیر سرکاری تنظیم نے واضح کیا ہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل بین الاقوامی قوانین کے مطابق بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھاتی رہے گی۔بھارت نے اپنے اس اقدام کے خلاف کشمیریوں کے مظاہروں سے بچنے کے لیے 5 اگست کو ہی مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ کر دیا تھا جسے 103 روز ہو چکے ہیں۔پاکستان، چین اور ترکی سمیت کئی بین الاقوامی تنظیموں (اقوام متحدہ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل) نے بھارتی اقدام کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔پاکستان کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھی اس حوالے ہنگامی اجلاس ہوا تھا جس میں بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فی الفور روکنے اور کرفیو اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں