پاکستان نے ایشین کرکٹ کونسل ایمرجنگ ٹیمز کپ کا ٹائٹل جیت لیا

ڈھاکہ(سی این پی)پاکستان نے ایشین کرکٹ کونسل ایمرجنگ ٹیمز کپ کا ٹائٹل جیت لیا، گرین شرٹس نے فیصلہ کن معرکہ میں بنگلہ دیش ایمرجنگ کو 77 رنز سے ہرایا، روحیل نذیر نے 113 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، انہیں میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا، سومیا سرکار ٹورنامنٹ کے بہترین پلیئر قرار پائے۔ ہفتہ کو شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم، ڈھاکہ میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان ایمرجنگ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز بنائے، روحیل نذیر نے 113رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں تین چھکے اور 12 چوکے شامل تھے، دیگر بلے بازوں میں عمران رفیق 62، کپتان سعود شکیل 42، خوشدل شاہ 27 اور حیدر علی 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ثمن خان نے تین اور حسن محمود نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلہ دیش ایمرجنگ ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 43.3 اوورز میں 224 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، عفیق حسین 49، نجم الحسین 46 اور مہدی حسن 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان ایمرجنگ کی طرف سے محمد حسنین نے تین جبکہ خوشدل شاہ اور سیف بدر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں