سی پیک کی سمت بالکل درست،حکومت منصوبے کو آگے لےکر جائے گی، مشیر صنعت و تجارت

اسلام آباد(سی این پی) مشیر صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پاکستان کے مفاد میں ہے، ہم اس منصوبے کو آگے لے کر جائیں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر صنعت تجارت کا کہنا تھا کہ سی پیک کی سمت بالکل درست ہے، ہم اس منصوبے کو آگے لے کر جائیں گے کیونکہ یہ پاکستان کے مفاد میں ہے۔انہوں نے بتایا کہ کل گورنراسٹیٹ بینک سےملاقات ہوئی انہوں نے بتایا کہ معاشی صورتحال بہتر ہورہی ہے، کراچی میں گزشتہ روز تاجروں سے بھی تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے کھل کر گفتگو کی۔عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھاکہ ٹیکسٹائل شعبے سے وابستہ تاجروں نے بتایا کہ اُن کے پاس اتنے آرڈر ہیں کہ وہ پورے نہیں کرپارہے، بزنس کمیونٹی نے بھی اعتراف کیا کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں ہے۔واضح رہے کہ دو روز قبل واشنگٹن ڈی سی کے تھنک ٹینک پروگرام کی تقریب میں تقریر کرتے ہوئے امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز کا کہنا تھا کہ چین اس وقت دنیا میں قرضے دینے والا سب سے بڑا ملک ہے تاہم یہ قرضے دینے کی اپنی شرائط کو شائع نہیں کرتا جس کی وجہ سے پاکستانیوں کو سی پیک کے حوالے سے چینی سرمایہ کاری پر سوالات اٹھانے چاہئیں۔امریکی نائب وزیر خارجہ کے بیان پر پاکستان میں متعین چینی سفیر یاؤ جنگ نے ردعمل میں کہا تھا کہ اگر پاکستان مشکل میں ہو تو قرضوں کی واپسی کا تقاضا نہیں کریں گے،پاکستانی، چینی میڈیا کو سی پیک کے خلاف پروپیگنڈے کا سامنا کرنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں