ٹائیفائیڈ حفاظتی ٹیکوں کی آگاہی مہم کے لئے سیمینار و واک

راولپنڈی (سی این پی) ٹائیفائیڈ بخار کے کیسوں میں اضافے کے پیش نظر راولپنڈی سمیت صوبے بھر میں یکم فروری سے ٹائیفائیڈ بخا ر سے بچائو کی پندرہ روزہ مہم چلائی جائے گی جس میں نو ماہ سے پندرہ سال تک بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچائو کے انجکشن لگائے جائینگے ، اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی اپنا بھرپور کردار ادا کریگی ۔ ان خیالات کا اظہار راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر محمد عمر نے منعقدہ آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سیمینار میں ڈاکٹرز کے علاوہ نرسز نے بھی شرکت کی ۔ سیمینار کے اختتام پر واک کا اہتمام بھی کیا گیا ۔ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد عمر نے بتایا کہ یونیورسٹی نے اپنی ریسرچ کے بیسز پر ٹائیفائیڈ کا علاج کرنے کی گائیڈ لائنز بھی تیار کی ہیں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر رائے اصغر کا کہنا تھا کہ اس آگاہی مہم سے والدین بھرپور فائدہ اٹھائیں اور پنے نو ماہ سے پندرہ سال کے بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچائو کے ٹیکے ضرور لگوائیں ۔ ٹائیفائیڈ سے بچائو ممکن ہے ۔ پانی ابال کر پئیں اور کھانا کھانے سے پہلے اور ٹائیلٹ استعمال کرنے کے بعد صابن سے ہاتھ ضرور دھوئیں بچوں کو گھر کے بنے ہوئے اور تازہ کھانا کھانے کی عادت ڈالیں ۔ ڈاکٹر رائے اصغر کا کہنا تھا کہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ڈاکٹرز کے علاوہ سول سوسائٹی کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ سیمینار سے ڈاکٹر مدثر شریف، ڈاکٹر احسان غنی ، ڈاکٹر آصف شہزاد ، اور فہمیدہ ملک نے بھی خطاب کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں