پاکستان میں روزانہ 9 لاکھ سے زائد ہیکنگ ہوتی ہیں، وفاقی وزیر آئی ٹی

اسلام آباد(سی این پی) وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان میں روزانہ 9 لاکھ سے زائد ہیکنگ ہوتی ہیں۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید امین الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان میں روزانہ کی بنیاد پر 9 لاکھ سے زائد ہیکنگ ہوتی ہیں جنہیں وزارت آئی ٹی ناکام بناتی ہے، آپ کی وزارت آئی ٹی جاگتی ہے تو آپ آرام سے سوتے ہیں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعت کی حیثیت سے ہر صورت چاہتا ہوں کہ جی ڈی پی کا 10فیصد تعلیم پرخرچ ہو۔ان کا کہنا تھا کہ نیشنل براڈ بینڈ پالیسی 2021 وزارت آئی ٹی کی ویب سائٹ پر ڈال دی گئی ہے، نیشنل سائبر پالیسی بھی وزارت آئی ٹی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی جاچکی ہے جبکہ ایڈیشن اسپیکٹرم سے متعلق بھی کام جاری ہے۔سید امین الحق کا کہنا تھا کہ ٹیکسیشن کے مسئلے کو بھی جلد حل کیا جائے گا، کوشش ہو گی کہ دسمبر 2022 تک 5 جی کو بھی پاکستان میں لانچ کر دیا جائے۔انہوں نے بتایا کہ جہلم اور چکوال میں 25 کروڑ کی لاگت سے پراجیکٹ لانچ کیا ہے، کے پی میں بھی اربوں روپے کے معاہدے سائن کرنے جا رہے ہیں، پوری کوشش ہے کہ پاکستان میں انٹرنیٹ کی سہولت کو بہتر بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں