بھارتی میڈیا کی کشمیر سے متعلق خبروں میں صداقت نہیں ، چین

بیجنگ (سی این پی)چینی مشن برائے اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا کی کشمیر سے متعلق خبروں میں صداقت نہیں ،کشمیر پر اپنے موقف پر قائم ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چین نے واضح کیا ہے کہ بیجنگ کے سیکیورٹی کونسل ایجنڈے میں کشمیر کا معاملہ سرفہرست ہے۔اس حوالے سے ترجمان چینی مشن برائے اقوام متحدہ نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر ہمارے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، اس سلسلے میں بھارتی میڈیا پر چلنے والی خبریں حقائق کے منافی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور اس بات کی مکمل حمایت کرتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور دو طرفہ مذاکرات سے ہی حل ہونا چاہیے۔چینی حکام کا مزید کہنا ہے کہ کشمیر سے متعلق کسی بھی ایسے یکطرفہ فیصلے کی مخالفت کی جائے گی جس سے خطے کی صورتحال مزید پیچیدہ ہوجائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر سیکیورٹی کونسل کے صدر کو خط لکھا تھا، چین کا کہنا ہے کہ خط میں بھی مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال کی نشاندہی کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں