صوبہ پنجاب نے کورونا کے بارے تازہ ترین معلومات کے حوالے سے ایپلی کیشن تیار کر لی،صوبائی وزیر صحت

لاہور(سی این پی) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی او سی) کو بتایا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب نے ضلع کی سطح پر ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے لیے بستروں اور وینٹی لیٹرز کی دستیابی کے بارے میں تازہ ترین معلومات دینے کے لیے ایپلی کیشن تیار کر لی۔ یہ ایپ صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے لیے خالی بستروں اور وینٹی لیٹرز کی دستیابی کے بارے میں معلومات حاصل کر کے مریضوں کو بروقت طبی امداد دینے کے سلسلے میں ہسپتال پہنچانے میں ریسکیو 1122 اور محکمہ صحت کے عملے کو رہنمائی فراہم کرے گی۔ یہ بات پنجاب کی صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے این سی او سی کے اجلاس میں بتائی۔ این سی او سی کا اجلاس ہفتہ کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدارت یہاں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر نئی تیار کی گئی اینڈرائڈ ایپلی کیشن کے بارے میں این سی او سی کو پریزنٹیشن بھی دی گئی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ اس ایپ میں ایمبولینس کی رہنمائی کے لیے کسی بھی ہسپتال تک رسائی کے لیے روٹ بھی دستیاب ہے جس سے مریض کو بروقت متعلقہ سہولت تک پہنچانے میں رہنمائی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ 1122 ایمبولینس سروس اور دیگر متعلقہ عملہ کے لیے اس ایپ کے استعمال کی تربیت کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے اجلاس کو صوبے میں سمارٹ لاک ڈاﺅن کے سلسلے میں کئے گئے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ اس حوالے سے ایس او پیز جاری کئے جا رہے ہیں، اس بارے میں بھرپور آگاہی مہم کے ذریعے لوگوں کو رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے مشتبہ مریضوں کو گھروں میں قرنطینہ کرنے کے حوالے سے بھی نوٹیفکیشن جاری کیا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر اسد عمر نے پنجاب حکومت کی جانب سے نئی ایپ متعارف کرانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ دیگر اکائیوں کو بھی اس کی تقلید کرتے ہوئے اس تجربہ سے استفادہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح گھروں پر قرنطینہ میں رکھے گئے کورونا کے مریضوں کو ضرورت کے وقت فوری طبی امداد تک رسائی فراہم کی جا سکے گی۔ اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن ڈاکٹر ظفر مرزا اور وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے کووڈ 19 ڈاکٹر فیصل سلطان نے ملک میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، خیبرپختونخوا اور سندھ کی حکومتوں کے نمائندوں اور اسلام آباد کی انتظامیہ کی جانب سے کورونا کی صورتحال، ٹیسٹنگ اور سمارٹ لاک ڈاﺅن کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کے بارے میں این سی او سی کو آگاہ کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کے پھیلاو¿ کے خلاف کمیونٹی کو متحرک کرنے کے لیے رورل سپورٹ پروگرام کو فعال کیا گیا ہے۔ این سی او سی نے تمام صوبوں کو اس سلسلے میں رورل سپورٹ پروگرام کی خدمات حاصل کرنے کی سفارش کی۔ این سی او سی نے کورونا کے معاملے پر حکمت عملی کو مزید موثر بنانے کے لیے تمام وفاقی اکائیوں سے صحت کے اہلکاروں و ماہرین کی آراءحاصل کرنے کی تجویز دی۔ اجلاس میں زمینی، فضائی اور ریل ٹرانسپورٹ کی بحالی کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے طبی سامان و آلات کی خریداری و ترسیل کے بارے میں اجلاس کو بریفنگ دی گئی۔ این سی او سی کے قومی کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمودالزمان، وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان، وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ فخر امام، معاون خصوصی برائے نیشنل سکیورٹی ڈاکٹر معید یوسف اور دیگر حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں