صدر ڈونلڈ ٹرمپ عالمی خاتون رہنمائوں میں صرف ملکہ برطانیہ کا احترام کرتے ہیں

واشنگٹن(سی این پی) امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ عالمی خاتون رہنمائوں میں صرف ملکہ برطانیہ ہی ہیں جن کی وہ عزت اور احترام کرتے ہیں۔ایک رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوم کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، یہ گفتگو اس رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد ہوئی ہے کہ ٹرمپ نے خواتین عالمی رہنمائوں کو توہین آمیز فون کالز کی ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ صدر ٹرمپ نے دنیا کی طاقت ور خواتین کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا، انھوں نے سابق برطانوی وزیر اعظم تھیریسا مے کو کمزور اور جرمن چانسلر انجیلا مرکل کو احمق کہا۔تاہم امریکی صدر ملکہ برطانیہ کے بے حد مشتاق ہیں، اور کہتے ہیں کہ ان دونوں کے درمیان ایک خود کار قسم کا قریبی تعلق ہے، گزشتہ روز فون کال پر ٹرمپ نے ملکہ ایلزبتھ کو 94 ویں سال گرہ کی مبارک باد دی، خیال رہے کہ ملکہ اپریل میں پیدا ہوئی ہیں تاہم وہ سرکاری طور پر اپنی سالگرہ جون میں مناتی ہیں۔دونوں رہنمائوں نے فون پر کرونا وائرس کی وبا سے درپیش صورت حال پر بھی گفتگو کی، ٹرمپ نے ملکہ برطانیہ سے وبا کے دوران مرنے والے برطانویوں کی ہلاکت پر تعزیت بھی کی۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ٹرمپ جب روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے بات کرتے ہیں تو ایک طاقت ور آدمی کی توثیق کے حصول کے لیے ان کا لہجہ بہت دھیما ہوتا ہے، لیکن جب وہ عالمی خواتین لیڈرز سے بات کرتے ہیں تو ان کا لہجہ توہین آمیز ہو جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں