سری نگر ، بھارتی پولیس افسر نے خود کو گولی مارلی

سری نگر(سی این پی) مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی پولیس افسر نے اپنی ہی سروس رائفل سے خود کو گولی مارلی، پولیس اہلکاروں کے اقدام خود کشی کے واقعات میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع سری نگر کے شیر گڑھی علاقے میں بدھ کی صبح سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)سے وابستہ ایک افسر نے مبینہ طور پر اپنی ہی سروس رائفل سے خود کو گولی مارکر شدید زخمی کرلیا۔اس حوالے سے پولیس ذرائع نے بتایا کہ زخمی ہونے والے پولیس افسر کی شناخت ایم دامودر کے نام سے ہوئی ہے۔ بعد ازاں سی آر پی ایف کے ترجمان پنکج سنگھ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمی افسر کو مقامی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی ہے تاہم اب اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ واقعے کے بارے میں مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے حالات پر گہری نظر رکھنے والے مبصرین کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز اہلکاروں بالخصوص سی آر پی ایف جوانوں میں خودکشی کے بڑھتے ہوئے رجحان کی وجہ سخت ڈیوٹی، اپنے عزیز و اقارب سے دوری اور گھریلو و ذاتی پریشانیاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ حکومت نے سیکورٹی اہلکاروں کے لئے یوگا اور دیگر نفسیاتی ورزشوں کو لازمی قرار دیا ہے لیکن اس کے باوجود کشمیر میں جوانوں کی جانب سے خودکشی کے واقعات کم ہونے کے بجائے بڑھتے چلے جارہے ہیں۔واضح رہے کہ بھارتی سرکاری اعداد وشمار کے مطابق سال 2010 سے 2019 تک ملک میں 1113 فوجی اہلکاروں کی خودکشی کے 1113 مشتبہ واقعات درج کیے گئے۔اگرچہ سرکاری اعداد و شمار میں کشمیر میں خودکشی کرنے والے سیکورٹی اہلکاروں کی تفصیلات الگ سے فراہم نہیں کی گئیں، تاہم سمجھا یہ جارہا ہے کہ سب سے زیادہ مقدمات یہیں درج ہوئے ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں