ملک میں یکساں نظام تعلیم رائج کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،فروس عاشق اعوان

سیالکوٹ(سی این پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملک میں یکساں نظام تعلیم رائج کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،تعلیم ہی انسان کو اس کی اصل پہچان دیتی ہے،پاکستان میں بہت سے منصوبے سیاست کی نذر ہو جاتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گورنمنٹ ویمن ڈگری کالج مراکیوال میں تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان میں خواندگی کی شرح دوسرے ممالک کی نسبت بہت کم ہے،ادارے عوام کے ہوتے ہیں اور ان کی محافظ بھی عوام ہوتی ہے،پاکستان کی بیٹیاں مضبوط پاکستان کی بنیاد ڈالیں گی،تمام پاکستانی بیٹیاں کشمیری بیٹیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں،آج ہمیں کشمیر کی ان بیٹیوں سے اظہار یکجہتی کرنا ہے جو بدترین کرفیو کی وجہ سے سکول نہیں جا رہیں، بہت جلد کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ میری کوشش ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب کے ساتھ مل کر ایسا لائحہ عمل تیارکیا جائے جس سے دیہات کے لوگوں کی بنیادی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کا اس وقت دو چیزوں پرفوکس ہے،رائٹ جاب فاررائٹ پرسن اور دوسر ملک سے کرپشن کا مکمل خاتمہ ، تمام نوکریاں میرٹ پر دی جا رہی ہیں۔تقریب کے آخر میں معاون خصوصی نے گورنمنٹ ویمن ڈگری کالج مراکیوال میں بھرتی ہونے والی نئی اساتذہ میں تقرری کے آرڈر تقسیم کیے۔اس موقع پر سیاسی و سماجی رہنمائوں سمیت طالبات اور ان کے والدین کی بڑی تعداد تقریب میں موجود تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں