کامرہ، ائیر یونیورسٹی ائیرو سپیس اینڈ ایوی ایشن کیمپس کی افتتاحی تقریب

کامرہ(سی این پی) ایوی ایشن سٹی کامرہ میں ائیر یونیورسٹی ائیرو سپیس اینڈ ایوی ایشن کیمپس کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔ شفقت محمود، وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان بھی اس موقع پر مو جود تھے۔ ملک امین اسلم، وزیر ِ اعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی، پاک فضائیہ کے سابق سربراہان، اعلیٰ دفاعی اور سول افسران کے علاوہ مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔ائیر وائس مارشل (ریٹائرڈ) فائز امیر، وائس چانسلر ائیر یونیورسٹی نے شرکاء کو اپنے خطبہ استقبالیہ میں اس کیمپس کی چیدہ چیدہ خصوصیات کے بارے میں آگاہ کیا۔پاک فضائیہ کی درخشاں روایات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مہمان ِخصوصی نے کہا کہ پا ک فضائیہ ہمارے لئے باعثِ فخر ہے جو نہ صرف بہادری سے قوم کے دفاع کی خدمت سر انجام دے رہی ہے بلکہ اپنے شاندار تعلیمی اداروں اور تربیتی مراکز کے ذریعے بھی تعمیر ملت میں اپنا کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے ضلع اٹک میں ائیر یونیورسٹی ائیرو سپیس اینڈ ایوی ایشن کیمپس کے قیام کے لئے پاک فضائیہ کی قیادت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس بات کی امید ظاہر کی کہ یہ عظیم منصوبہ اس علاقے اور ملک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے ائیر یونیورسٹی کامرہ کیمپس اور ملتان کیمپس کوہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔پاک فضائیہ کے سربراہ نے ائیرو سپیس اینڈ ایوی ایشن کیمپس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ایوی ایشن ریسرچ انوویشن اینڈ ڈیویلپمنٹ (AVRID)،ایوی ایشن ڈیزائن انسٹیٹیوٹ (AVDI)،اور ایک جامع سرٹیفیکشن ایجنسی کے ایک جگہ پر ہونے سے اس کیمپس نے نیشنل ائیرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کی شکل اختیار کر لی ہے۔ یہ حکمتِ عملی خود انحصاری کے پروگرام میں ہماری ضروریات اور ایوی ایشن کے شعبہ میں تحقیق و ترقی کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ادارے میں بین الاقوامی سکالرز اور طلبا کی ایک بڑی تعدادآئیگی جس سے پاکستان کے مثبت امیج اور معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔ قبل ازیں مہمانِ خصوصی نے ائیر یونیورسٹی ائیرو سپیس اینڈ ایوی ایشن کیمپس کی افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کی۔اس موقع پر انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ کے ساتھ مل کر کامرہ میں اس شاندار ادارے کی ترقی کے لیے دعا کی۔بعد ازاں انہوں نے ادارے کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں