بھارتی اقدامات کے باعث کشمیری عسکریت اور فدائی حملوں کی طرف مائل ہو ر ہے ہیں، رپورٹ

سری نگر(سی این پی)مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرنے والے بھارتی سول سوسائٹی کے گروپ نے بھارتی حکومت کے سب اچھا ہونے کا پول کھول دیا۔بھارتی جریدے آئوٹ لک کے مطابق سابق بھارتی وزیر خارجہ یشونت سنہا کی سربراہی میں دورہ کرنے والے سول سوسائٹی کے گروپ نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے مودی سرکار کے جھوٹ کا پردہ چاک کر دیا ہے۔سابق وزیر خارجہ یشونت سنہا کی سربراہی میں بھارتی سول سوسائٹی گروپ نے 22 سے 26 نومبر تک مقبوضہ کشمیر کا دورہ کیا۔بھارتی سول سوسائٹی کے گروپ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارتی حکومت کے اشتعال انگیز اقدامات کی وجہ سے کشمیری عسکریت اور فدائی حملوں کی طرف مائل ہور ہے ہیں جب کہ کشمیر کی اشرافیہ کے افراد بھی عسکریت پسندی میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کشمیری سوچ رہے ہیں کہ پر امن احتجاج اور سول نافرمانی سے بھارتی حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑھ رہا لہذا انہیں عسکریت کا راستہ اختیار کر لینا چاہیے۔رپورٹ میں لکھا ہے کہ کشمیریوں میں اس طرح کی سوچ کا پیدا ہونا عسکریت پسندی کے نئے مرحلے کی تیاری ہے جب کہ بھارتی حکومت اپنے اشتعال انگیز اقدامات اور فیصلوں کے ذریعے کشمیر میں عسکریت پسندی کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں