عالمی بینک کی پاکستان کی معاشی شرح نمو میں اضافے کی پیش گوئی

کراچی(سی این پی)عالمی بینک نے پاکستان کی معاشی شرح نمو میں اضافے کی پیش گوئی کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق عالمی بینک کی جانب سے گلوبل اکنامک پراسپیکٹ 2020 رپورٹ جاری کر دی گئی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آیندہ مالی سال میں پاکستان کی معاشی شرح نمو 3 فی صد رہنے کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق عالمی بینک نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی شرح نمو فی الوقت 2 اعشاریہ 4 فی صد رہے گی، خیال رہے کہ عالمی بینک نے جون میں شرح نمو 2 اعشاریہ 7 فی صد رہنے کی پیش گوئی کی تھی، رواں مالی سال ملکی معاشی شرح نمو میں کمی کی وجہ عالمی معاشی سست روی ہے، عالمی معاشی شرح نمو میں رواں سال صفر اعشاریہ 2 فی صد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوبی ایشیا کی شرح نمو میں ڈیڑھ فی صد کی کمی متوقع ہے، جنوبی ایشیا کی شرح نمو 4 اعشاریہ 9 فی صد رہنے کا امکان ہےعالمی بینک کا کہنا ہے کہ پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کے باعث افراط زر میں اضافہ ہوا، پاکستان کے بجٹ خسارے میں توقعات سے زیادہ رفتار سے اضافہ ہوا، بجٹ خسارے میں اضافے کی وجہ محصولات میں کمی اور قرضوں پر سود کی ادائیگی میں اضافہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں