پاک افغان تجارت میں رواں مالی سال کے دوران 7 فیصد کمی ہوئی،رپورٹ

اسلام آباد(سی این پی) رواں مالی سال کے دوران پاک افغان دو طرفہ تجارت میں 7 فیصد کمی ہوئی ہے۔ سٹیٹ بنک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 7مہینوں میں جولائی تا جنوری 2019-20ء کے دوران پاکستان اور افغانستان کی باہمی تجارت 720.4 ملین ڈالر تک کم ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران افغانستان کو کی گئی برآمدات کا حجم 633.1 ملین ڈالر رہا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران برآمدات کا حجم 676.2 ملین ڈالر ریا تھا۔ اسی طرح جاری مالی سال کے ابتدائی سات مہینوں میں افغانستان سے کی گئی درآمدات 87.2 ملین ڈالر تک کم ہو گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرکے دوران درآمدات کا حجم 98.7 ملین ڈالر رہا تھا۔ ایس بی پی کے مطابق جنوری 2020ء کے دوران افغانستان کو کی جانے والی برآمدات 89.9 ملین ڈالر تک کم ہو گئیں جبکہ جنوری 2019ء میں برآمدات کا حجم 141.5 ملین ڈالر اور دسمبر 2019ء کے دوران 110.5 ملین ڈالر رہا تھا۔ دوسری جانب جنوری 2020ء کے دوران افغانستان سے کی جانے والی درآمدات بھی 9.4 ملین ڈالر تک کم ہو گئیں جبکہ جنوری 2019کے دوران 13.5 ملین ڈالر اور دسمبر 2019میں 16.6 ملین ڈالر کی درآمدات کی گئی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں