سلامتی کونسل تہران پر ہتھیاروں کی پابندی میں توسیع کرےورنہ نئی پابندیوں کی کوشش کرینگے،امریکہ

واشنگٹن(سی این پی )امریکا نے ایک بار پھر اس موقف کو دہرایا ہے کہ اگر عالمی سلامتی کونسل نے تہران پر ہتھیاروں کی پابندی میں توسیع نہ کی تو واشنگٹن ایران پر نئی پابندیاں عائد کرنے کی کوشش کرے گا۔ امریکا نے اعلانیہ طور پر دھمکی دی ہے کہ سلامتی کونسل کی جانب سے تہران پر ہتھیاروں کی پابندی کی مدت میں توسیع نہ کیے جانے کی صورت میں وہ ایران پر اقوام متحدہ کی تمام پابندیاں عائد کرنے کے لیے متحرک ہو جائے گا۔ایرانی جوہری معاہدے کی رُو سے تہران پر مذکورہ پابندی رواں سال اکتوبر میں اختتام پذیر ہو رہی ہے۔ادھر امریکی مشن نے ایران کی جانب سے جوہری معاہدے سے متعلق قرار داد 2231 کی خلاف ورزی کے حوالے سے بیان جاری کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تہران اب بھی یمن، شام، لبنان اور عراق میں اپنے ایجنٹوں کی ہتھیاروں سے مدد کر رہا ہے۔ بیان میں باور کرایا گیا کہ حوثیوں نے چند ہفتے قبل سعودی عرب کو حملوں کا نشانہ بنانے کے لیے ایرانی ٹکنالوجی کا استعمال کیا۔ بیان کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب ایک دہشت گرد تنظیم ہے جو خطے میں ہزاروں افراد کی موت کی ذمے دار ہے۔ایران کے خلائی پروگرام پر تبصرہ کرتے ہوئے امریکی مشن نے کہا کہ پاسداران انقلاب کا پروگرام کی نگرانی کرنا ، اس کے پُر امن ہونے کو جھوٹا ثابت کر رہا ہے۔ادھر ایران کے لیے امریکی کے خصوصی نمائندے برائن ہُک نے تصدیق کی ہے کہ امریکا نے برطانیہ، فرانس اور جرمنی کو اپنے منصوبے سے آگاہ کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں