سعودی عرب، فضائی ٹکٹ کو کرفیو پاس کا درجہ دے دیا

ریاض(سی این پی) سعودی حکومت نے کرفیو کے دوران عوام کی سہولت اور انہیں پریشانی سے بچانے کیلئے ان کے فضائی ٹکٹ کو کرفیو پاس کا درجہ دے دیا۔تفصیلات کے مطابق سعودی محکمہ شہری ہوا بازی کے ترجمان نے کہا ہے کہ مسافر کا فضائی ٹکٹ کرفیو پاس کا متبادل ہے، اس کی موجودگی میں پاس لینے کی ضرورت نہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ شہری ہوا بازی کے ٹوئٹر اکائونٹ پر شہری کی جانب سے ایک سوال کیا گیا کہ جس شخص کی فلائٹ کا وقت کرفیو کے دوران ہو اور وہ ایئرپورٹ سے دور رہتا ہو تو کیا ایئرپورٹ پہنچنے کے لیے اسے کرفیو پاس لینا ہوگا؟۔اور یہ بھی سوال کیا گیا کہ آن لائن پاس جاری کرنے والی ایپلی کیشن میں فضائی سفر کرنے کے لیے پاس جاری کرنے کا آپشن موجود نہیں تو مسافر کو کون سا پاس جاری کرنا ہوگا۔ان سوالات کا جواب دیتے ہوئے ترجمان محکمہ شہری ہوا بازی نے واضح کیا ہے کہ فضائی ٹکٹ بذات خود کرفیو پاس ہے۔اس کی موجودگی میں پاس لینے کی ضرورت نہیں خواہ مسافر کو سفر کے لیے ایئر پورٹ جانا ہو یا آنے والے مسافر کو ایئرپورٹ سے گھر جانا ہو۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ فضائی ٹکٹ کی موجودگی میں مسافر کو پرواز سے 3 گھنٹے پہلے تک ایئرپورٹ جانے یا آنے والے مسافر کو پہنچنے سے 3 گھنٹے بعد تک گھر جانے کی اجازت حاصل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں