بنوں میں مضر صحت اشیا بنانے والی فیکٹری سیل

بنوں(سی این پی)صوبہ خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی بنوں ڈویژن نے انڈسٹریل اسٹیٹ بنوں میں کامیاب کاروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں چائنہ سالٹ،غیر معیاری مسالا اور مس لیبلڈ رولز برآمد کرکے فیکٹری سیل کردی۔ڈپٹی ڈائریکٹر ذیشان محسود کی ہدایت پر فوڈ اتھارٹی بنوں ڈویژن کی ٹیم نے انڈسٹریل اسٹیٹ بنوں میں کارروائی کی۔ اس دوران ایک فیکٹری سے بڑی مقدار میں چائنہ سالٹ اور غیر معیاری مسالا برآمد کرلیا گیا۔فوڈ اتھارٹی بنوں ٹیم نے غیر معیاری مسالا اور چائنہ سالٹ کو قبضے میں لے کر فیکٹری کو موقع پر سیل کردیا۔ایک اور کارروائی کے دوران کارخانے سے بھاری مقدار میں مس لیبلڈ رولز برآمد کرکے اتھارٹی نے اپنے قبضے میں لے لئے۔ فوڈ اتھارٹی کے مطابق فیکٹری میں مس لیبلنگ کی جا رہی تھی۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ذیشان محسود کا کہنا تھا کہ بنوں کے عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی ہمارا فرض ہے اور کسی کو ملاوٹ کرنے یا ممنوعہ اشیائے خورد و نوش کی خرید و فروخت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں