وزیراعظم پانچ ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے جلد کراچی آئیں گے، گورنرسندھ

کراچی(سی این پی)گورنرسندھ عمران اسمعیل کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان جلد ہی پانچ ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے کراچی آئیں گے، کچرے کی صفائی ایک دن کا کام نہیں روز ہونا چاہیے۔تفصیلات کے مطابق گورنرسندھ عمران اسمعیل ڈا ئویونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں عالمی یومِ امراضِ قلب کے حوالے سے شروع ہونیوالی آگہی مہم میں سیمینار سے خطاب اور میڈیا کے سوالوں کے جواب دے رہے تھے، اس موقع پر ڈائو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی، ڈائو یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر امان اللہ عباسی، پرنسپل ڈائو میڈیکل کالج پروفیسر امجد سراج میمن، ڈائریکٹر اسپورٹس پروفیسر مکرم علی، پروفیسر شجاع فرخ، پروفیسر نصرت شاہ سمیت سینئر فیکلٹی ممبرز اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں سندھ کے پانچ اضلاع میں صحت کارڈ دینے کا آغاز کیا جائے گا، تھر سے صحت کارڈ دینے کا آغاز کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ نے شہر میں کچرا اٹھانے کی مہم شروع کی ہے، یہ اچھی بات ہے، مگر یہ کام مستقل بنیادوں پر کرنے کی ضرورت ہے، اور مستقل طورپر کچرا اٹھانے کا کام ساری دنیا میں میئر کی ذمے داری ہوتی ہے، یہاں بھی ذمہ داری میئر کو ہی دی جانی چاہیے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان تین فلائی اوورز ،گرین لائن کے متوازی دوسرے منصوبے، لیاری اور ماری پور کے 2ترقیاتی منصوبوں سمیت 5منصوبوں کا افتتاح کرنے جلد کراچی آئیں گے، اس سلسلے میں ان سے وقت مانگا ہے، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جامعات ہی نہیں ملک بھر میں مجموعی طور پر گرانٹس میں مالی کٹوتی کی گئی ہے۔قبل ازیں آگہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ دل کا کام صرف جسم کو خون کی فراہمی نہیں بلکہ یہ جسم کی رہنمائی بھی کرتا ہے، دل کے فیصلے سچائی پر مبنی ہوتے ہیں، اور اپنے بھائیوں کی مشکلات پر دل دکھتا اور دل روتا بھی ہے، انہو ں کہا کہ چھوٹے دل والے چھوٹی بات کرتے ہیں اور بڑے دل والے بڑی بات کرتے ہیں، دل کی سچائی ہی انسان کو بہادر بناتی ہے، یہی وجہ ہے کہ عمران خان امریکا میں بیٹھ کر بہادری کے ساتھ کشمیر کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان میں دل کی بیماریاں بڑھ رہی ہیں، ڈائو یونیورسٹی کی جانب سے آگہی مہم کا آغاز خوش آئند ہے ابھی سیمینار میں پروفیسر محمد سعید قریشی اور دیگر ماہرین نے بتایا کہ دل کی بیماریوں کی روک تھام کے لیے ہمیں اپنا لائف اسٹائل تبدیل کرنا ہوگا۔اس تقریب کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسمعیل نے ڈا میڈیکل کالج میں درخت بھی لگایا اور تقریبات کا آغاز کرنے کے لیے کیک بھی کاٹا، تقریب کے آخر میں گورنر سندھ کو وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے اجرک اور ٹوپی بھی پیش کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں