سعودی عرب،تعلیمی اداروں کے حوالے سے اہم اعلان

ریاض(سی این پی)سعودی وزارت تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ مملکت میں اگر کسی تعلیمی ادارے سے کورونا کا ایک بھی کیس سامنے آیا تو وہاں کا تدریسی عمل آن لائن منتقل کردیا جائے گا۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وزارت تعلیم کا کہنا تھا کہ طلبا کی حاضری کی صورت میں تعلیمی دن کے گھنٹے کم کر دیے جائیں گے نیز کلاس رومزمیں روزانہ کی بنیاد پر سینیٹائزنگ کی جائے گی۔وزارت کے مطابق اب تک 76 فیصد تدریسی عملے کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے جبکہ 12 سال سے 18 سال کی عمر کے 30 فیصد طلبا پہلی خوراک لگوا چکے ہیں۔سعودی وزارت تعلیم نے مزید کہا کہ آئندہ تعلیمی سال کے لیے تیاریاں عروج پر ہیں، ہماری خواہش ہے کہ طلبا سکولوں کو واپس آئیں، کورونا ایس او پیز(احتیاطی تدابیر) کو کسی صورت نظر انداز نہیں کرنے دیں گے۔خیال رہے کہ دنیا بھر کی طرح سعودی عرب میں بھی کورونا کے باعث تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہوئیں تاہم اب مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھولے جاچکے ہیں۔حکومت نے زور دیا کہ طلبا، اساتذہ اور عملہ ہر صورت ایس او پیز پر عمل کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں