عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی انتہائی کم تعلیمی رینکنگ باعث تشویش ہے، ملک ابرار

اسلام آباد(سی این پی)آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ملک ابرار حسین نے کہا کہ عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی انتہائی کم تعلیمی رینکنگ باعث تشویش ہے، تعلیم ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،پاکستان کو موجودہ مسائل سے نکالنے کے لیے تعلیم پر توجہ دینا ہوگی۔پیر کے روزآل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ملک ابرار حسین نے یہ بات سیکٹر جی پندرہ میں پیک سکول کے افتتاحی کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ایسوسی ایشن کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری اورپیک سکول کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد ابراہیم،محمد ادریس،تعلیمی وسیاسی شخصیات سمیت اہل علاقہ کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔اپنے خطاب میں ملک ابرار حسین کا کہنا تھاکہ تعلیم ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،موجودہ صورتحال میں پاکستان کو بحران سے نکالنے کے لیے تعلیم پر توجہ دینا چاہیے،تعلیمی درجہ بندی میں پاکستان کی رینکنگ 140میں سے 126ویں نمبر پرہے جو افسوسناک ہے۔ پاکستان کی ترقی میں حائل رکاوٹوں میں ایک رکاوٹ یہ بھی ہے کہ یہاں پر ہر شخص اپنے پروفیشن کے مطابق کام کی بجائے دوسرے کے کاموں میں ٹانگ اڑانا اپنا ”فرض“سمجھتاہے۔ یہ ملک تب ہی ترقی کرے گا جب یہاں ہر شخص اپنے حصے کا کام ایمانداری سے کرنا شروع کردے گا۔نجی شعبہ تعلیم ملکی ترقی اور تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہاہے،پیک جیسے جدید اور معیاری تعلیمی اداروں کی قوم کو اشد ضرورت ہے تاکہ ملک سے جہالت کے اندھیروں کو ختم کرنے میں حکومت کا ہاتھ بٹایا جاسکے۔ قبل ازیں پیک سکول کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد ابراہیم نے مہمانوں کی آمد پر ان کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اہل علاقہ کے بچوں کو جدید اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور عنقریب یہ ادارہ علاقہ کے بڑے تعلیمی اداروں میں شمار ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں