مسجد نبویۖ کے جنوبی صحن میں آب زمزم کی سبیل قائم کرنے کا اعلان

مدینہ(سی این پی)مسجد الحرام اور مسجد نبویۖ انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے اعلان کیا ہے کہ مسجد نبوی کے جنوب مغربی صحن میں آب زمزم کی سبیل قائم کی جائے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا بھر سے سعودی عرب آنے والے زائرین مملکت پہنچنے کے بعد آب زمزم پینے کے خواہشمند ہوتے ہیں۔ سعودی حکومت نے مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں جگہ جگہ آب زمزم کی سبیلیں قائم کررکھی ہیں۔ڈاکٹر السدیس نے کہا ہے کہ مسجد نبویۖ کے جنوبی صحن میں آب زمزم کی سبیل قائم کرنے کی تیاریاں ہوگئی ہیں۔ یہ کام انتظامیہ کے ماتحت انجینئرز، تکنیکی امور کے ماہرین اور دیگر کارکن انجام دیں گے۔معاون سیکرٹری سربراہ انتظامیہ انجینئر فیصل بن محمد الجہنی نے بتایا ہے کہ آب زمزم کی سبیل 330 مربع میٹر کے رقبے پر قائم کی جائے گی۔ اس کا مقصد مسجد نبوی کے زائرین کو 24گھنٹے آب زمزم کی نعمت سے فیض یاب کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آب زمزم کی نئی سبیل میں جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔ پانی کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام تدابیر سائنٹفک بنیادوں پر کی جائیں گی۔واضح رہے کہ مسجد نبوی میں زائرین کے لیے آب زمزم کے کولر کا انتظام ہے تاہم بڑے پیمانے پر اس کی سبیل پہلی بار قائم کی جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں