ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا شیڈول جاری، پاکستان اور بھارت کا جوڑ 9 جون کو پڑے گا

دبئی (سی این پی )ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے جس کا آغاز یکم جون سے ہو گا اور روایتی حریف پاکستان اور بھارت 9 جون کو آمنے سامنے ہوں گے۔ٹورنامنٹ کے آفیشل براڈ کاسٹر اسٹار اسپورٹس کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق 20 ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی کے پہلے ٹورنامنٹ کے کُل 55 میچز ویسٹ انڈیز کے چھ شہروں اور امریکا کے تین شہروں کھیلے جائیں گے جہاں ایونٹ میں شریک ٹیموں کو 4 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

ویسٹ انڈیز میں باربیڈس، ٹرینیڈاڈ، گیانا، انٹیگا، سینٹ لوشیا، اور سینٹ ونسینٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کریں گے جبکہ امریکا میں نیویارک، کینیڈا اور فلوریڈا کو عالمی کپ کے میچز کی میزبانی کا اعزاز بخشا گیا ہے۔گروپ اے میں پاکستان، بھارت، کینیڈا، امریکا اور آئرلینڈ شامل ہیں جبکہ گروپ بی انگلینڈ، آسٹریلیا، نمیبیا، اسکاٹ لینڈ اور عمان پر مشتمل ہے۔

گروپ سی میں نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، افغانستان، یوگنڈا اور پاپوا نیوگنی شامل ہیں۔گروپ ڈی کو گروپ آف ڈیتھ کہا جائے تو غلط نہ ہو گا جس میں جنوبی افریقہ، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیدرلینڈز اور نیپال کی ٹیمیں شامل ہیں۔

ہر گروپ میں سے دو ٹیمیں اگلے مرحلے میں پہنچیں گی جسے سپر ایٹ کا نام دیا گیا ہے اور اس گروپ میں مزید دو گروپ تشکیل دیے جائیں گے جس میں پہلے مرحلے کی دو کامیاب ٹیموں میں سے ایک، ایک ٹیم کو رکھا جائے گا۔ایونٹ کا پہلا مرحلہ یکم جون سے 18 جون تک چلے گا جس کے بعد سپر ایٹ مرحلے کے میچز 19 سے 24 جون تک کھیلے جائیں گے جس کے بعد ان دو گروپس میں سے چار بہترین ٹیمیں سیمی فائنل فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

پاکستان اور روایتی حریف بھارت کے درمیان میچ 9 جون کو امریکا کے شہر نیویارک میں کھیلا جائے گا۔ایونٹ میں پاکستان کی ٹیم اپنا پہلا میچ چھ جون کو امریکا، 11 جون کو کینیڈا اور 16 جون کو آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔

بھارت کی ٹیم کا پہلا میچ پانچ جون کو آئرلینڈ سے ہو گا جس کے بعد وہ 12 جون کو امریکا اور 15 جون کو کینیڈا کا مقابلہ کرے گی۔بھارت کی ٹیم اپنے ابتدائی تین گروپ میچز نیویارک میں کھیلے گی اور چوتھا میچ فلوریڈا میں کھیلا جائے گا جبکہ دفاعی چیمپیئن انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان میچ 8 جون کو باربیڈس میں ہو گا۔

ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل 26 جون کو گیانا اور دوسرا سیمی فائنل 27 جون کو ٹرینیڈاڈ میں ہو گا جبکہ فائنل 29 جون کو باربیڈس میں کھیلا جائے گا۔یاد رہے کہ آسٹریلیا میں کھیلے گئے گزشتہ ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں