فاسٹ باؤلر حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ ختم

لاہور(سی این پی )پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ ختم کردیا ہے۔ڈان نیوز کے مطابق پی سی بی کی جانب سے حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ ختم کرنے کا فیصلہ دورہ آسٹریلیا 24-2023 کے لیے پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہونے سے ان کے انکار کی تحقیقات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔پی سی بی کی ایک کمیٹی کی طرف سے مکمل سماعت کے عمل کے بعد اور معاملے میں شامل تمام اسٹیک ہولڈرز کے خیالات کو مدنظر رکھتے ہوئے حارث کا سینٹرل کنٹریکٹ یکم دسمبر 2023 سے ختم کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ حارث رؤف کو 30 جون 2024 تک کسی بھی غیر ملکی لیگ میں کھیلنے کی این او سی جاری نہیں کی جائے گی۔پی سی بی انتظامیہ نے 30 جنوری 2024 کو انصاف کے اصولوں کے مطابق حارث رؤف کو سماعت کا موقع فراہم کیا تھا، تاہم حارث رؤف کا جواب غیر تسلی بخش پایاگیا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے کھیلنا کسی بھی کھلاڑی کے لیے اعزاز کی بات ہے، کسی بھی طبی رپورٹ یا معقول وجہ کی عدم موجودگی میں پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بننے سے انکار سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں