سعودی عرب ،تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کیلئے حکومت کا اہم فیصلہ

ریاض(سی این پی) سعودی حکومت نے تعلیمی اداروں میں سرگرمیاں بحال کرنے کیلئے نجی اسکولوں کے اساتذہ کو سہولت فراہم کرتے ہوئے مملکت میں واپسی کی اجازت دے دی ہے تاہم اس کیلئے کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد لازمی کرنا ہوگا۔تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں نجی اسکولوں کے غیرملکی اساتذہ کومملکت واپسی کی مشروط اجازت دی گئی ہے، انہیں واپسی کا سفر شروع کرنے سے قبل پی سی آر کرانا ہوگا اورسفر سے 48 گھنٹے پہلے ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔ذرائع کے مطابق صرف ایسے اساتذہ کو سفر کی اجازت دی جائے گی جو طبی ٹیسٹ میں کورونا سے پاک ہوں گے،سعودی عرب پہنچنے پر انہیں ہائوس آئسولیشن میں بھی رہنا ہوگا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ وزیر تعلیم نے نجی انٹرنیشنل اور غیرملکی اسکولوں کے غیر سعودی اساتذہ کی واپسی سے متعلق وزیر صحت کو خط لکھا تھا جس میں انہوں نے نئے تعلیمی سال کے حوالے سے غیرملکی اساتذہ کو سعودی عرب واپسی کی بات کی تھی تاکہ تعلیمی عمل معمول کے مطابق جاری رکھا جاسکے۔وزارت تعلیم کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ نجی تعلیم کے ادارے نے ریاض ریجن میں محکمہ تعلیم سے کہا ہے کہ وہ نجی و انٹرنیشنل اسکولوں کے مالکان اور غیرملکی اسکولوں کے ذمہ داران سے رابطے کریں۔انہیں بتایا جائے کہ وہ اپنے تدریسی عملے کو مملکت واپسی کی کارروائی مکمل کرانے کے لیے سعودی سفارت خانوں و قونصل خانوں سے رجوع کرنے کی ہدایت کردیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں