پاکستان میں فٹبال کا زوال

پاکستان میں کھیلوں کے حوالے سے جب بھی کوئی بات ہوتی ہے تو یہ بات کرکٹ سے شروع ہو کر کرکٹ پر ہی ختم ہو جاتی ہے ، ایسا لگتا ہے کہ اس ملک میں کھیل کا نام صرف کرکٹ ہی ہےیہی وجہ ہے کہ پاکستان میں دوسری کھیلوں کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے اور بین الاقوامی سطح پر ہم ان کھیلوں میں کوئی نمایاں مقام بھی حاصل نہیں کرسکے ہیںقومی کھیل ہاکی جس پر پاکستان نے دنیا پر راج کیا عدم توجہ کی وجہ سے آج زوال پذیر ہے اور ہم عالمی درجہ بندی میں 15 ویں پوزیشن پر ہیں۔دنیا بھر کی طرح فٹبال کو پاکستان میں بھی بہت پسند کیا جاتا ہے مگر اس کھیل میں سیاست نے ایسا راستہ بنایا کہ تمام تر کوششوں کے باوجود ہم اس میں کوئی نمایاں مقام حاصل نہیں کرسکے ہیں۔

پاکستان فٹبال ٹیم اس وقت عالمی کپ فٹبال  2026ء کوالیفائرز میں شرکت کر رہی ہے، جس کے نتائج فیصلہ کرینگے کہ پاکستان فٹبال ٹیم عالمی کپ کا حصہ بنتی ہے یا نہیں؟گزشتہ سال اکتوبر میں پاکستان کی ٹیم نے رائونڈ ون میں اسلام آباد کے جناح سٹیڈیم میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے عالمی کپ کوالیفائرز میں کمبوڈیا کی ٹیم کو ایک صفر سے شکست دیکر رائونڈ ٹو میں جگہ بنائی تھیعالمی کپ فٹبال کوالیفائرز کے دوسرے رائونڈ میں پاکستان کی ٹیم کو اسلام آباد کے جناح سٹیڈیم میں اردن کی ٹیم نے تین صفر سے شکست دیکر اس کے کوالیفائی کرنے کا سفر مشکل کردیا ہے

پاکستان کی ٹیم کو اب 26 مارچ کو اردن کا سفرکرنا ہے جہاں اسے اردن کیخلاف ہی میچ کھیلنا ہےاس کے بعد قومی فٹبال ٹیم نے سعودی عرب اور تاجکستان سے بھی میچ کھیلنے ہیںپاکستان فٹبال ٹیم اسی صورت میں عالمی کپ فٹبال 2026ء کی دوڑ میں شامل رہ سکتی ہے کہ وہ اپنے بقیہ تینوں میچوں میں کامیابی حاصل کرےگزشتہ سال اکتوبر اور پھر رواں ماہ ہونے والے جناح سٹیڈیم میں فٹبال میچوں میں شائقین کی ایک بڑی تعداد نے پاکستان فٹبال ٹیم کو ایکشن میں دیکھارمضان المبارک کے دوران بھی دن دو بجے شائقین کی ایک بڑی تعداد اس بات کو ثابت کرتی ہے کہ یہاں کرکٹ کے علاوہ شائقین فٹبال سے بھی محبت کرتے ہیں

قومی فٹبال ٹیم میں غیر ملکی لیگز میں کھیلنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا، غیر ملکی کوچ کی خدمات بھی لی گئیں مگر اس کے باوجود مطلوبہ نتائج نہیں مل سکےفٹبال کے کھیل کی تنزلی کی بڑی وجہ فیڈریشن میں طاقت کے حصول کیلئے رسہ کشی کا کھیل ہے جس کا خمیازہ کھلاڑی میدان میں ادا کرتے ہیں

اس وقت بھی فیفا کی نارملائزیشن کمیٹی پاکستان میں فٹبال کے معاملات کو دیکھ رہی ہےفروری 2024ء میں جاری کردہ فیفا کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان فٹبال ٹیم 195ویں نمبر پر ہےجب تک فٹبال کے کھیل سے سیاست کو ختم کرکے  میرٹ پر فیڈریشن کا قیام عمل میں نہیں لایا جائے گا، کھلاڑیوں کو میچوں کیلئے اچھا معاوضہ اور سہولیات نہیں دی جائیں گی اس وقت تک اچھے کھلاڑیوں، غیر ملکی کوچز اور شائقین کی بڑی تعداد کے باوجود ہم اس کھیل میں نام پیدا نہیں کرسکتے

اپنا تبصرہ بھیجیں