ڈیوس کپ ٹائی کی میزبانی پاکستان سے منتقل،اعصام الحق کادستبرادی کا اعلان

لاہور(سی این پی)پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق نے بھارت کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی سے دستبرداری کا اعلان کر دیا،اعصام الحق نے پاکستان ٹینس فیڈریشن کو فیصلے سے آگاہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ڈیوس کپ ٹائی کی میزبانی پاکستان سے منتقل کرنے پر پاکستان کے مایہ ناز ٹینس پلیئر اعصام الحق نے بھارت کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی سے دستبرادی کا اعلان کر دیا۔ان کا کہنا ہے کہ ڈیوس کپ ٹائی کی پاکستان سے منتقلی سے ہمارے سیکیورٹی اداروں کا مذاق اڑایا گیا،کھیل اور سیاست کو ملانا غلط فیصلہ ہے، انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔واضح رہے کہانٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے پاکستان اوربھارت کے مابین ہونے والے ڈیوس کپ ٹائی کی میزبانی پاکستان سے واپس لے کر نیوٹرل مقام پر منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا ۔پاکستان اوربھارت کا مقابلہ رواں ماہ کے اختتام پر 29 اور 30 نومبر کو اسلام آباد میں ہونا تھا۔انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کا کہنا تھا کہ اسے کھلاڑیوں اورآفیشلزکی سیکیورٹی سب سے زیادہ عزیز ہے۔ آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن نے آئی ٹی ایف سے ٹائی کو غیر جانبدار مقام پر منتقل کرنے کو کہا تھا۔ آئی ٹی ایف نے ایک بیان میں کہا کہ “ڈیوس کپ ضابطے کے مطابق اب پاکستان ٹینس فیڈریشن کے پاس غیر جانبدار مقام کو نامزد کرنے کا اختیار ہے اور اس فیصلے کے لیے پاکستان کو 5 روز دیے گئے ہیں ۔” اس سے قبل یہ مقابلہ 14 اور 15ستمبر کو اسلام آباد میں ہونا تھا تاہم آئی ٹی ایف نے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے باعث اس کی تاریخ آگے بڑھا دی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں