عدم اعتماد میں حکومت کا ساتھ دوں گا،احمد حسین ڈیہڑ کا اعلان

اسلام آباد(سی این پی)پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی احمدحسین ڈیہڑ کا کہنا ہےکہ وہ تحریک عدم اعتماد میں حکومت کا ساتھ دیں گے۔احمد حسین ڈیہڑ نے ایک بیان میں کہا کہ میں آج پی ٹی آئی کے رکن کی حیثیت سے اسمبلی اجلاس میں گیا، میرےپانچ مطالبات ہیں اور سارے غریب سے متعلق ہیں لہٰذا عمران خان سے اپیل ہے میرےمطالبات تسلیم کریں۔انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی ووٹنگ تک آپ کو وقت دیتا ہوں، وزیراعظم سے اس وقت ملوں گاجب میرےمطالبات پورے ہوں گے۔احمد حسین ڈیہڑ کا کہنا تھا کہ مجھ پرجوپیسوں کےالزام لگائے،گھرپرحملہ کیا اس پربہت دکھی ہوں، ان الزامات پر ہتک عزت کا دعویٰ کرنے کا سوچ رہا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے ساتھ ہوں، میرے مطالبات تسلیم کریں۔اس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں صحافی نے احمد حسین سے سوال کیا کہ آپ کے تحفظات ختم ہوگئے؟ اس پر احمد حسین نے کہا کہ ابھی جاری ہیں، بات ہو رہی ہے ، وزیراعظم سےملاقات ہو رہی ہےانشااللہ۔صحافی نے سوال کیا کہ تحریک عدم اعتماد میں حکومت کاساتھ دیں گے یااپوزیشن کا؟ اس پر احمد حسین نے کہا کہ میں انشااللہ تعالی حکومت کے ساتھ ہوں، میرےکچھ مسائل ہیں جو وہ حل کریں گے۔صحافی نے سوال کیا کہ آپ عدم اعتماد میں وزیراعظم کو ووٹ دے رہے ہیں؟ اس پر احمد حسین نے کہا کہ بھائی میری کچھ شرائط ہیں وہ پوری کررہےہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں